سرکاری ملازمین کیلئےاثاثے ڈیجیٹلی ظاہر کرنے کی تاریخ میں توسیع

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے مالی سال 2025-26 کے لیے اپنے اثاثوں کے ڈکلیئریشن فیڈرل بورڈ آف ریونیو پورٹل کے ذریعے ڈیجیٹلی جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2026 تک بڑھا دی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے سول سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 2026 کے رول 12(6) میں نرمی کرتے ہوئے توسیع دی گئی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہا کہ اثاثوں کے اعلامیے (ڈی او ایز) کی ڈیجیٹل جمع کرانے کی آخری تاریخ جس کا ابتدائی طور پر اس کے 16 ستمبر 2026 کے آفس میمورنڈم کے ذریعے بتایا گیا تھا کو 30 نومبر 2026 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ڈکلیئریشن میں تصحیح جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی 31 دسمبر 2026 تک بڑھا دی ہے جو متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے مشروط ہے۔

ڈویژن نے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ توسیع شدہ آخری تاریخ کے اندر ان کے اثاثوں کے اعلامیوں کی ڈیجیٹل جمع کرانے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Back to top button