سجل علی کی ڈرامے میں موت پر بھی مداحین افسردہ

معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی نے حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامے ‘عشق لا’ میں حقیقت کے اتنی قریب اداکاری کی جب ان کی موت ہوئی تو مداحین حقیقت میں افسردہ ہوگئے۔ یاد رہے کہ اس ڈرامہ سیریز میں سجل علی شنایا کا کردار ادا کر رہی تھیں۔
پاکستانی ڈرامے ہمیشہ مقبولیت میں اپنی مثال آپ رہے ہیں، اور ان سے جڑے کردار بھی مداحوں کے لیے ذاتی سی حیثیت اختیار کر جاتے ہیں، ایسا ہی کچھ ڈرامہ سیریل ’’عشق لا‘‘ میں دیکھنے میں آیا جس میں سجل کے کردار ’’شنایا‘‘کی موت پر مداحوں کی اکثریت افسردہ ہوگئی، ڈرامے میں اداکارہ کی موت کے مناظر اور انکی قبر کا کتبہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہے ہیں۔
’عشق لا‘ کو ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔ ڈرامے کی 12ویں قسط میں سجل کے کردار ’شنایا‘ کی موت ہو جاتی ہے۔ ڈرامے میں سجل علی ایک صحافی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں جو کہ عام لوگوں کی مدد کرنے سمیت کئی بڑے سکینڈلز سے پردہ اٹھاتی ہیں، سجل علی کو ڈرامے میں اذان سمیع خان کی اہلیہ کے طور پر دکھایا گیا جوکہ ایک بااثر اور رعبدار شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ اذان سمیع، عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے بیٹے ہیں۔
روبینہ اشرف کی بیٹی کی شادی: اداکاراؤں کے ٹھمکے
ڈرامے کی 12 قسط میں سجل ایک مغوی بچی کی والدہ کا پیچھا کرتے ہوئے ان جرائم پیشہ افراد کے پاس پہنچ جاتی ہے، جنہوں نے ایک سکول کی بچی کو اغوا کر رکھا ہوتا ہے۔ سجل چھپ کر اغوا کاروں کی ویڈیو بناتی ہیں۔ جب جرائم پیشہ افراد مغوی بچی کو چھوڑ کر باہر نکلتے ہیں تو سجل اپنا توازن برقرار نہیں رکھ پاتیں اور پھسل جاتی ہیں جس وجہ سے پتھروں کی آواز سن کر جرائم پیشہ افراد کو پتہ چل جاتا ہے کہ کوئی انکی ویڈیو بنا رہا تھا۔ اگرچہ سجل علی وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں مگر جرائم پیشہ افراد گاڑی میں ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان تک پہنچ جاتے ہیں۔ تب ہی سجل یعنی شنایا کا شوہر بھی وہاں پہنچ جاتا ہے۔
لیکن اس دوران جرائم پیشہ افراد ان پر گولیاں چلا دیتے ہیں اور شنایا گولیوں کا شکار ہو جاتی ہیں، عشق لا میں شنایا کی موت دیکھ کر کئی ڈراما شائقین نے سوشل میڈیا پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے، بعض لوگوں نے سجل کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ ڈرامے کی چند ہی قسطیں دیکھی ہیں مگر شنایا کی موت نے انہیں افسردہ کر دیا۔
ڈراما شائقین کی طرح اذان سمیع خان نے بھی ڈرامے میں اپنی اہلیہ شنایا کی موت کے حوالے سے پوسٹ لکھی اور بتایا کہ ڈرامے میں شنایا نے ایک ایسی بہادر خاتون کا کردار ادا کیا جو کمزوروں کے حق کے لیے اٹھ کھڑی ہوئیں، اذان سمیع خان نے ڈرامے میں شنایا کی قبر کی تصویر بھی شیئر کی۔
