سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی درآمدپرٹیکسوں کی چھوٹ کا اعلان

فیڈرل بورڈ آف ریونیونے سیلاب متاثرین کے لئے سامان کی درآمد اورفراہمی پرڈیوٹی اورٹیکسوں میں چھوٹ کا اعلان کردیا۔
ایف بی آر کی جانب سے 5ایس آراوزجاری کردئیے ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے منگوائے جانیوالے امدادی سامان پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ایف بی آر اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی شدید تباہی کے باعث متاثرہ لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے فوری امدادی اقدامات کا حکم دیا ہے تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو امدادی سامان کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیہ کے مطابق امدادی سامان کی خریداری میں تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے خاتمے سے متاثرہ افراد کو درپیش مشکلات کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور ٹیکس و ڈیوٹی چھوٹ کے سبب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال متاثرین کی بحالی کے لئے ہو سکے گا۔
بھارت سے سستا پیازاورٹماٹر کیوں نہیں آنے دیا جارہا؟
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے سیلاب زدگان کی بحالی کے وژن کے مطابق اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف بی آر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے درکار سامان کی درآمد پر تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
ایف بی آراعلامیہ کے مطابق ایسی درآمدات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(ی ڈی ایم اے) کی طرف سے تصدیق کے بعد ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل چھوٹ ہوگی۔ غیر ملکی حکومتوں یا بین الاقوامی تنظیموں اور ڈونرز کی طرف سے عطیہ کے طور پر بھیجے جانے والے سامان پر کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
