سیلاب،پنجاب سے24لاکھ افراد کومحفوظ مقامات پرمنتقل کیا،این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ پنجاب میں اب تک 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ایک بڑا سیلابی ریلہ گڈو بیراج اور دوسرا پنجند پر موجود ہے۔ وزیراعظم اور متعلقہ حکام نے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ مون سون کا آخری سپیل اپنے اختتامی مرحلے میں ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ پنجاب میں اب تک 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ سندھ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کا انخلا کیا گیا ہے اور مزید انخلا بھی ممکن ہے، ملتان میں پچھلے چند دنوں کے دوران شدید دباؤ دیکھنے میں آیا جبکہ5 ہزار سے زائد دیہات مکمل طور پر زیرِ آب ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ یہ صورتحال ہمیں قدرت کی ایک وارننگ ہے کہ آئندہ دنوں میں اس سے بھی بڑے چیلنجز سامنے آ سکتے ہیں۔ ایسے علاقے بھی فلیش فلڈ کی زد میں آئے ہیں جہاں ماضی میں کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کے مطابق فلیش فلڈز کی بڑی وجہ گلیشیئرز کے تیز رفتار پگھلاؤ ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں حکومت کے ساتھ ساتھ فلاحی ادارے اور نجی تنظیمیں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ مون سون کے لیے ابھی سے تیاری کرنا ہوگی اور وزیراعظم نے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملک میں موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

 

Back to top button