پنجاب میں سیلاب،سندھ اورکےپی نےمددکی پیشکش کردی

پنجاب کے دریاؤں اور قریبی آبادیوں میں شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر سندھ اور خیبر پختونخوا نے مدد کی پیشکش کردی ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے بعد حالات خراب ہیں، صوبائی حکومت کو جس نوعیت کی بھی امداد درکار ہو، سندھ حکومت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی پانی سندھ میں آیا تو ہم اس سے نمٹنے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران میڈیا نے خصوصی مہم چلائی تھی، لیکن پنجاب کے معاملے میں ایسی کوئی مہم دکھائی نہیں دے رہی۔
ادھر خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا حصہ ہے، وہاں کی تکلیف ہماری تکلیف ہے، ہم امداد کے لیے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کا سیلاب پنجاب سے گزر رہا ہے، ہمیں توقع تھی کہ پنجاب حکومت اس صورتحال کے لیے تیاری کرے گی لیکن ایسا نہ ہوا، جس سے وزیراعلیٰ مریم نواز کی نااہلی ظاہر ہوتی ہے۔
