وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے ملاقات، ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری خطے میں امن و استحکام کی بحالی کےلیے اپنا کردار ادا کرے۔

ترکیے کے شہر استنبول میں منعقدہ 51 ویں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کونسل آف منسٹرز فورم ( سی ایف ایم ) کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔

ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیاگیا اور رہنماؤں نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت،دفاع کے حق کو تسلیم کیاگیا۔

دفتر خارجہ کےمطابق ملاقات میں کشیدگی کم کرنے کےلیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی برادری سے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کےلیے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت فوری روکنے اور انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔

اسحٰق ڈار نے او آئی سی یوتھ فورم ایوارڈ ملنےپر ترک صدر رجب طیب اردوان کو مبارک باد بھی دی۔

دفتر خارجہ کےمطابق ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں کا پیغام ترک صدر رجب طیب اردوان کو پہنچایا گیا۔

Back to top button