پاکستان کیخلاف سابق بھارتی جنرل کی آبی دہشت گردی کی منصوبہ بندی بے نقاب

بھارتی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کھلے عام پاکستان کے خلاف پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی منصوبہ بندی بیان کر رہے ہیں۔
پاکستان کےمعروف صحافی حامدمیرکی جانب سے سوشل میڈیا پرسابق بھارتی جنرل کی ویڈیو شیئرکی گئی جو بھارتی آبی جارحیت کے عزائم کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے۔
ایک انٹرویو میں کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے کہا کہ بھارت کے پاس جتنا پانی روکنے کی صلاحیت ہے وہ سب روکے گا اور اچانک پاکستان کی طرف چھوڑ دے گا، تاکہ پاکستان سیلاب کا شکار ہو اور وہ اس پانی کو مؤثر طریقے سے استعمال نہ کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں میں جب فصلوں کو پانی کی ضرورت ہوگی تو پانی روک لیا جائے گا اور برسات کے دنوں میں جب ضرورت نہیں ہوگی تو اچانک پانی چھوڑ دیا جائے گا، یوں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا جائے گا۔
ڈھلوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سندھ طاس معاہدہ دراصل ایک دو طرفہ معاہدہ ہے، یہ عالمی معاہدہ نہیں، اس لیے بھارت اپنی مرضی سے پانی روکنے یا چھوڑنے کا حق رکھتا ہے۔
