سابق فوجی افسران کا بھارت کیخلاف جنگ لڑنےکااعلان

پہلگام حملے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار، سابق فوجی افسران نےبھارت کیخلاف جنگ لڑنےکااعلان کردیا۔
ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ جاوید اسلم طاہر کا کہنا تھا کہ ہم جو کچھ بھی ہیں پاکستان اور افواج پاکستان کی وجہ سے ہیں اور ہم اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔پاک فوج کے ہمراہ 20 لاکھ سے زائد ایکس سروس مین بھی ملکی دفاع کے لیے تیار ہیں اور قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔بھارت نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیا، بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے، ملکی دفاع کے لیے تیار ہیں۔
جاوید اسلم طاہر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کا ایک حکم آئے تو ہم سب جنگ کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ہمارا پیغام ہے کہ بھارت پاکستانیوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے، ہم سب متحد ہیں اور پاکستانی افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے موجود ہیں۔
ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ فہیم ارشد کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئرفورس ٹیکنالوجی اور مین پاور دونوں میں ملکی دفاع کے لیے تیار ہے۔
میجر جنرل ریٹائرڈ خالد جعفری کا کہنا تھا کہ ایکس سروس مین کی پریس کانفرنس کا مقصد پاک فوج کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرنا ہے، ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، بھارت کی فالس فلیگ آپریشن کی بہت پرانی تاریخ ہے۔
بریگیڈیئر ریٹائرڈ جمیل نے کہا کہ ہم ہر وقت جنگ کے لیے تیار ہیں، جنگ انڈیا شروع کرے تو اسے ہم ختم کریں گے، سندھ کے سب غازی ملکی دفاع کے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ویٹرنز کشمیر کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ سردار زرین خان نے کہا کہ ہم ریٹائرڈ کشمیریوں کی طرف سے آرمی چیف کو پیغام دیتا ہوں کہ ہم ایک لاکھ تربیت یافتہ لوگ ہیں، ہمیں جس لمحے بھی حکم کیا جائے گا ہم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں ہوں گے۔
میجر ریٹائرڈ وسیم نے کہا کہ ہم تمام 31 لاکھ ویٹرنز مکمل تیار ہیں اور پارکس میں جنگ کی مسلسل تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس فوج اور ایئرکرافٹ زیادہ ہیں لیکن جنگیں جیتنے کا یہ معیار ہرگز نہیں بلکہ کامیابی کے لیے جذبہ بھی چاہیے۔