سینیٹ ضمنی الیکشن،پیپلزپارٹی کے وقارمہدی کامیاب قرار

سندھ اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار وقار مہدی کوکامیاب قرار دیدیاگیا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کامیاب قرار پائے ۔وقار مہدی کو 111 ووٹ ملے جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے، ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کی امیدوار نگہت کو 36 ووٹ حاصل ہوئے۔

معروف سیاستدان اور دانشور سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد سینیٹ کی خالی ہونے والی جنرل نشست پر آج سندھ اسمبلی میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔ پولنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

سینیٹ کی نشست کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دیرینہ کارکن اور تنظیمی امور کے ماہر وقار مہدی کو نامزد کیا تھا، جو موجودہ حکومت میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا شمار پارٹی کے وفادار اور متحرک رہنماؤں میں ہوتا ہے۔

نگہت مرزا ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے میدان میں تھیں، جو خواتین کے حقوق، بلدیاتی نظام اور شہری سندھ کے مسائل پر آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیپلز پارٹی کو 116 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل تھی جبکہ ایم کیو ایم کے پاس 36 اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد 5 ہے۔

سینیٹ کی نشست پر کامیابی کے لیے کم از کم 81 ووٹ درکار تھے، جس سے یہ واضح تھا کہ پیپلز پارٹی کو فتح کے لیے عددی لحاظ سے کوئی بڑا چیلنج درپیش نہیں۔

Back to top button