گوگل نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر خصوصی ڈوڈل جاری کر دیا

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر نیا ڈوڈل جاری کرتے ہوئے اپنی سالانہ روایت کو برقرار رکھا۔
گوگل ہر سال 14 اگست کو پاکستان کی آزادی کی خوشی میں خصوصی ڈوڈل پیش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، گوگل مختلف قومی اہمیت کے حامل دنوں اور تاریخی مواقع پر بھی اسی طرح کے خصوصی ڈوڈلز جاری کرتا رہا ہے۔
گوگل ڈوڈل (Google Doodle) دراصل گوگل کے ہوم پیج پر عارضی طور پر لگایا جانے والا ایک منفرد لوگو ہوتا ہے، جو کسی اہم تاریخی، ثقافتی یا عالمی موقع، مشہور شخصیت یا کسی تہوار کی یاد میں بنایا جاتا ہے۔
یہ ڈوڈل عموماً گوگل کے اصل لوگو کی جگہ عارضی طور پر دکھایا جاتا ہے، اور اس میں تصویر، اینیمیشن، ویڈیو یا انٹرایکٹو گیمز شامل ہو سکتے ہیں، جن پر کلک کرنے سے متعلقہ معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس سال جاری کیے گئے ڈوڈل کے ساتھ گوگل کی جانب سے ایک نوٹ بھی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ پاکستان 14 اگست 2025 کو اپنی آزادی کی 78ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
نوٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے 14 اگست 1947 کو تقریباً دو صدیوں پر محیط غیر ملکی حکمرانی سے آزادی حاصل کر کے ایک خودمختار ریاست کا درجہ حاصل کیا۔
بیان کے مطابق، آزادی کا یہ خواب برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ تھا، جس کی قیادت آل انڈیا مسلم لیگ نے کی، اور قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت نے اس جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
گوگل کے نوٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں یومِ آزادی کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے۔ بعد ازاں، ایوانِ صدر اور پارلیمنٹ ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔
سیاسی رہنما قوم سے خطابات کرتے ہیں جنہیں براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ملک بھر میں پریڈز، آتش بازی، قومی نغموں پر مبنی محافل اور ایوارڈ کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں، جو قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں۔
یومِ آزادی ہر پاکستانی کے لیے فخر، اتحاد اور عزم نو کا دن ہے کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
