مولانا فضل الرحمان سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ملاقات، صوبے کی امن و امان پر گفتگو

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی،جس میں صوبے کی امن و امان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف ) کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ایک وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے،جہاں انہوں نے شیخ ادریس کی شہادت پر تعزیت پیش کی، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مرحوم کے درجات کی بلندی کےلیے دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
ترجمان جے یو آئی ف نے بتایا کہ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں امن و امان کی موجودہ صورت حال اور صوبائی حقوق سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیاگیا، اس موقع پر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان بھی موجود تھے اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے انجینئر ضیا الرحمان اور مولانا اسجد محمود شریک ہوئے۔
