حوثی باغیوں کا سعودیہ پر حملہ، 11 شہری زخمی،1 پاکستانی بھی شامل

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہو گئے، جس میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔
سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 7 سعودی شہری، ایک یمنی، 2 مصری اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں، جبکہ متاثرین میں چار سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں نے شہری آبادی کو بلاامتیاز نشانہ بنایا، جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیمیں مملکت کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہی ہیں، جس کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق عراقی ملیشیائیں اور یمن کے حوثی جنگجو پاسدارانِ انقلاب کی رہنمائی میں حملے کر سکتے ہیں۔ انٹیلی جنس اداروں نے ڈرونز اور میزائلوں کی نقل و حرکت بھی نوٹ کی ہے، جس کے باعث ممکنہ خطرات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
لفظی جنگ، نون لیگ اور علیم خان کی IPPمیں فاصلے کیوں بڑھنے لگے؟
سعودی حکام نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کے باوجود ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ سفارتی رابطے برقرار ہیں، جبکہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
