حوثیوں کا سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کرنے کا اعلان

یمن کے ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے سعودی عرب کے خلاف فوری طور پر نافذ العمل سمندری محاصرے کا اعلان کردیا جس سے خطے میں مزید کشیدگی بڑھ گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ سعودی عرب نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ صنعا ایئرپورٹ پر حملے کے جواب میں سعودی عرب کے خلاف سمندری پابندیاں فوری طور پر نافذ کی جا رہی ہے جو آنکھ کے بدلے آنکھ کی اصول پر مبنی ہے۔

حوثی فوج کے ترجمان نے خبردار کیا کہ صنعا ایئرپورٹ کی ناکہ بندی برداشت نہیں کریں گے۔ اب محاصرے کا جواب محاصرے سے اور جارحیت کا جواب مزید جارحیت سے دیا جائے گا۔

یحییٰ سریع نے کہا کہ صنعا ایئرپورٹ کی مسلسل بندش اور وہاں انسانی امداد، مریضوں اور مسافروں کی آمدورفت میں رکاوٹ ناقابلِ قبول ہے۔ اگر سعودی عرب نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو حوثی بھی ہر سطح پر جواب دیں گے۔

انھوں نے یمنی عوام سے عام نقل و حرکت، جنگی تیاری اور محاذوں پر مزید جنگجو بھیجنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حوثی فورسز ہر ممکن آپشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

خیال رہے کہ حوثیوں نے اپنے بیان میں کسی بھی مخصوص آبی گزرگاہ کا نام نہیں لیا تاہم فوجی اور بحری امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عملی طور پر یہ ناکہ بندی زیادہ تر باب المندب پر نافذ ہوسکتی ہے کیونکہ یہی وہ تنگ سمندری راستہ ہے جس پر حوثیوں کی عسکری رسائی موجود ہے۔

 

 

Back to top button