وزیراعظم آزادکشمیرکاپنجاب کی طرز پر ترقیاتی عمل آگے بڑھانے کا اعلان

وزیراعظم آزاد کشمیربیرسٹرافتخارگیلانی نےپنجاب کی طرز پر تیز رفتار ترقیاتی عمل آگے بڑھانے کا اعلان کردیا۔

ریاست میں ترقیاتی عمل کو نئی رفتار دینے کے لیے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے سلسلے میں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قائم مقام صدر طارق فاروق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر خان، وزراء کرام، ممبران اسمبلی اور سیکرٹریز حکومت بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے آزادکشمیر میں ترقی، سہولیات اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔

اجلاس میں حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی و ٹرانسفارمیشن پروگرام کے خدوخال، ترجیحات اور عملی اقدامات سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔

اجلاس میں سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف نے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اصلاحاتی پروگرام میں صحت، تعلیم، نوجوانوں کے لیے مواقع، عوامی سہولیات، انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی حکومت قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی خدمت اور گڈ گورننس کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اس کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Back to top button