انڈیا کی شکست نے عمران کا فوج مخالف بیانیہ واڑ کر کیسے رکھ دیا؟

معروف اینکر پرسن اور تجزیہ کار جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا فوج مخالف بیانیہ بھی واڑ کر رکھ دیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ قدرت نے عمران خان کو 22 اپریل کے بعد قوم کیساتھ کھڑا ہونے کا آخری موقع دیا تھا‘ عمران اگر پہلگام کے واقعے کو بنیاد بنا کر اپنی فوج اور جنرل عاصم منیر کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیتے‘ انکی پارٹی فوجی بریفنگ میں شامل ہو جاتی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح بھارت کے خلاف افواج کی حمایت کا اعلان کر دیتی تو آج حالات یکسر مختلف ہوتے اور خان کی رہائی کا عمل شروع ہو چکا ہوتا۔

 

اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ عمران خان دھوکے میں مارے گئے‘ ان کا خیال تھا کہ پاکستانی فوج بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکے گی اور وہ شکست کے بعد عوام کو ایک بار پھر فوج کے خلاف سڑکوں پر لے آئیں گے۔ تاہم پاکستانی افواج نے بھارت کو شکست دے کر نہ صرف مودی کے عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ عمران خان کو بھی واڑ کے رکھ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 9 مئی 2023 کو ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر حملوں نے فوج کا خوف ختم کر دیا تھا لیکن 10 مئی 2025 کو بھارتی شکست نے نہ صرف فوج کا امیج بحال کر دیا بلکہ قوم کو یہ تک سمجھا دیا کہ ہم اگر آج اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں اور ہماری مسجدوں میں اذانیں اور نمازیں ہو رہی ہیں تو اس کی واحد وجہ اللہ کی ذات اور پاک فوج ہے۔

 

جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ جنرل عاصم منیر بھی 10مئی سے ہیرو بن کر ابھرے ہیں‘ پاکستان میں آج دو درجن لوگوں کو چھوڑ کر 24 کروڑ لوگ جنرل عاصم منیر کے ہاتھ چومنا چاہتے ہیں۔ لوگ انھیں فیلڈ مارشل بھی بنانا چاہتے ہیں‘ انکا کہنا ہے کہ بھارتی عوام اپنے وزیر اعظم نریندر مودی کے تکبر کی سزا بھگت رہے ہیں۔ پاکستانی افواج نے تین روز میں ہی بھارت کی چولیں ہلا کر رکھ دیں‘ انڈین ائیر فورس پوری دنیا میں بے عزت ہو کر رہ گئی ہے‘ اس کے تین بڑے عسکری دوست تھے‘ فرانس‘ اسرائیل اور روس۔ فرانس نے انڈیا کو رافیل طیارے دیے تھے‘ لیکن پاکستان نے چائنیز ساختہ جے ایف 10 سی طیاروں کے ذریعے رافیل گرا کر بھارت کے ساتھ فرانس کے منہ پر بھی کالک مل دی‘ روس نے انڈیا کو ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم دیا ‘ لیکن پاکستان نے دنیا کا مضبوط ترین ائیر ڈیفنس سسٹم تباہ کر کے روس کو بھی بے عزت کر دیا۔ اسرائیل نے مودی کو ڈرونز دیے تھے‘ اسرائیلی ماہرین بھی اس جنگ میں شامل تھے۔ لیکن پاکستان نے ڈرونز کا کمیونی کیشن سسٹم بریک کر دیا جس کے بعد یہ اندھی چڑیوں کی طرح پاکستانی فضاؤں میں ڈولنے لگے اور شہری انھیں اپنی رائفلوں سے شکار کرتے رہے، لہٰذا اسرائیل بھی بے عزت ہو گیا۔

جنگ کے دوران عمران سے مدد مانگنے کا جھوٹ کس نے پھیلایا؟

 

جاوید چوہدری کہتےہیں کہ پاک بھارت جنگ میں انڈیا کی شکست سے پوری دنیا میں پاکستان کا ڈنکا بج گیا ہے۔ وہ برادر اسلامی ملک جو ہمیں بھکاری سمجھتے تھے وہ بانہیں کھول کر ہماری طرف چل پڑے ہیں‘ امریکا ہمیں اہمیت نہیں دے رہا تھا‘ لیکن صدر ٹرمپ 10 مئی کے بعد سے اپنی ہر تقریر میں پاکستان اور کشمیر کا حوالہ دینے لگے ہیں‘ فرانس سوچ رہا ہے کاش ہم نے رافیل پاکستان کو دیے ہوتے، چین ہمیں اپنا بڑا محسن قرار دے رہا ہے‘ پاکستان نے چین کو وار انڈسٹری کا چیمپیئن بنا دیا ہے اور دنیا نے پہلی بار چین کے ہتھیاروں کو سیریس لینا شروع کر دیا ہے۔

پاکستان کی وجہ سے جے ٹین اور جے ایف 17 کے شیئرز میں اضافہ ہو گیا‘ دوسری طرف پاکستان میں 1998 کے ایٹمی دھماکوں کے بعد پہلی مرتبہ اتنا اتحاد نظر آیا اور پوری قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہو گئی‘ پی ٹی آئی کی وجہ سے فوج کا امیج بہت خراب ہو گیا تھا‘ 9 مئی 2023 کے واقعات نے فوج کا خوف تک ختم کر دیا لیکن 10 مئی نے نہ فوج کا امیج بحال کر دیا ہے اور آرمی چیف اصف منیر کو قوم کا ہیرو بنا دیا ہے۔ دوسری جانب حسب سابق عمران خان نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے کی بجائے بھارت نواز بیانیہ اپنا کر اپنی سیاست واڑ کر رکھ دی ہے۔

Back to top button