پیٹرولیم لیوی میں بڑا اضافہ، عوام مکمل ریلیف سے محروم

حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کرکے عوام کو مکمل ریلیف سے محروم کردیا۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم لیوی میں نمایاں ردوبدل کیے جانے کے بعد عوام کو متوقع مکمل ریلیف نہ مل سکا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 24 روپے 74 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد پیٹرول پر عائد لیوی 91 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود لیوی میں اضافے کے باعث صارفین کو پیٹرول کی قیمت میں مکمل ریلیف منتقل نہیں کیا جا سکا، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 24 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ نئی شرح کے تحت ڈیزل پر لیوی 68 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈیزل پر لیوی میں کمی کے ذریعے اس کی قیمت کو مستحکم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول پر لیوی میں اضافے سے حکومتی محصولات میں اضافہ متوقع ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں اس ردوبدل کا مقصد حکومتی آمدنی میں اضافہ اور مالیاتی اہداف کا حصول ہو سکتا ہے، تاہم اس کے باعث عام صارفین کو ایندھن کی قیمتوں میں مکمل فائدہ منتقل نہیں ہو سکا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کی کمی کردی گئی ہے اور پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی ہے۔حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کی ہے اور فی لیٹر 380 روپے 78 پیسے برقرار رکھے ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بالترتیب 22،22 روپے کی کمی کردی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے ہوگئی تھی۔اس سے قبل پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 403 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 402 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی تھی جبکہ 15 مئی کو شروع ہوئے ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
