حمیرا اصغر کیس: پولیس رپورٹ عدالت میں جمع، تفصیلی رپورٹ 16 اگست کو طلب

پولیس نے معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے کیس میں ابتدائی رپورٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں جمع کرا دی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، متوفیہ کے اہل خانہ سے رابطہ ہو چکا ہے اور لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم حتمی فرانزک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے سماعت کے دوران پولیس کو ہدایت دی کہ اہلِ خانہ سے پوچھا جائے کہ آیا وہ مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ مزید سماعت کے لیے عدالت نے 16 اگست کو کیس کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش کے دوران اداکارہ کے فلیٹ میں مختلف مقامات پر مٹی کے برتنوں میں موجود سفید پاؤڈر دریافت کیا تھا، جسے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
مرد کو9،خاتون کو7گولیاں لگیں،سانحہ ڈیگاری کےمقتولین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی
ذرائع کے مطابق، فلیٹ کے اندر تین سے چار مقامات پر سفید پاؤڈر رکھے جانے کی بظاہر کوئی معقول وجہ سامنے نہیں آئی، جس پر پولیس نے کیمیکل تجزیے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔ وہ گزشتہ سات سال سے تنہا اسی فلیٹ میں مقیم تھیں۔
