بیوی کی محبت پانے کے لیے کالا جادو کرانے والا شوہر جیل پہنچ گیا

متحدہ عرب امارات میں ایک شخص کو بیوی کی محبت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کالے جادو کا سہارا لینا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے شوہر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنی بیوی کا دل دوبارہ جیتنے کے لیے واٹس ایپ کے ذریعے ایک جادوگرنی سے رابطہ کیا۔ اس دوران اُس نے بیوی کی تصاویر، ویڈیوز اور دونوں کے فون نمبرز بھی جادوگرنی کو فراہم کیے تاکہ وہ مؤثر عمل کر سکے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق جادوگرنی نے اس "عمل” کے بدلے میں 20 ہزار درہم طلب کیے، جس پر شوہر فوری طور پر رقم ادا کرنے پر آمادہ ہوگیا۔ کچھ وقت بعد جادوگرنی نے مزید 25 ہزار درہم کا تقاضا کیا، جسے شوہر نے دینے سے انکار کر دیا۔ اس پر جادوگرنی نے بیوی کو تمام شواہد بھیج کر شوہر کے ارادے ظاہر کرنے کی دھمکی دی۔

شوہر نے دھمکیوں کو نظر انداز کیا اور ایک دوسری جادوگرنی سے رابطہ کیا، جسے 10 ہزار درہم دیے گئے، تاہم اس کوشش میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ مایوس ہو کر اس نے تیسری خاتون سے رابطہ کیا، جس نے کوئی مالی مطالبہ نہیں کیا۔

تاہم پولیس کو اطلاع ملنے پر شوہر کو حراست میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملک میں کالا جادو غیر قانونی اور سنگین جرم ہے، اور اس میں ملوث افراد کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Back to top button