صدر اور وزیراعظم کی قوم کو نئے ہجری سال کی مبارک باد

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے اسلامی سال 1447 ہجری کے آغاز پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ یہ سال پاکستان، عالم اسلام اور انسانیت کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں صدر مملکت نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ اسلامی سال کا پہلا اور حرمت والا مہینہ ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے فتنہ، انتشار اور جنگ سے منع فرمایا ہے۔ اس مہینے میں نیکی، عبادت اور صبر کی تلقین کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں اجتماعی شعور، عدل و انصاف، رواداری اور ایثار جیسے اعلیٰ اخلاقی اوصاف اپنانے کی یاد دہانی کرواتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم انفرادی و قومی سطح پر اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ امام حسینؓ اور واقعہ کربلا ہمیں حق پر ڈٹے رہنے، فرقہ واریت سے بچنے اور ناامیدی سے نکلنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان کے لیے خیر، امن اور ترقی لے کر آئے، اور کشمیر و فلسطین کے عوام کو آزادی نصیب ہو۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ محرم الحرام ہمیں ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، خصوصاً امام حسینؓ کی شہادت، جو اسلام کی سربلندی اور سچائی کے دفاع کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج امت مسلمہ جن مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، ان میں واقعہ کربلا ہمارے لیے معاشرتی ہم آہنگی، مسلکی رواداری، اور خدمتِ انسانیت کے واضح رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔