نہ کچھ غلط کیا، نہ معافی مانگی: محسن نقوی کا بھارتی میڈیا کو جواب

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کی جانب سے گردش کرتی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر بھارتی کپتان کو اے سی سی دفتر آ کر ایشیا کپ کی ٹرافی وصول کرنے کی دعوت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ محسن نقوی نے ایشیا کپ کی ٹرافی کے حوالے سے مبینہ طور پر بی سی سی آئی سے معافی مانگی ہے۔ تاہم، محسن نقوی نے ان خبروں کو بے بنیاد، جھوٹی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نہ کچھ غلط کیا ہے اور نہ ہی کسی سے معذرت کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بطور اے سی سی صدر، وہ ٹرافی اسی وقت بھارت کو دینے کے لیے تیار تھے اور آج بھی تیار ہیں، اگر بھارتی ٹیم یا کپتان چاہیں تو وہ ان کے دفتر آکر ٹرافی لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کا مقصد صرف اپنی قوم کو گمراہ کرنا ہے۔

انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت نے کھیل میں سیاست کو داخل کیا ہے، جس سے نہ صرف کرکٹ کی روح متاثر ہوئی ہے بلکہ علاقائی کھیلوں کے تعلقات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ محسن نقوی کا مؤقف ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے تاکہ خطے میں کھیل فروغ پا سکے اور شائقین کا جذبہ قائم رہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!