امریکا نے دوبارہ پنگا لیا تو ہمارا جواب مزید سخت ہوگا: پاسدارانِ انقلاب

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں ہونے والی حالیہ فوجی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے امریکا کو سخت پیغام دیا ہے کہ امریکا کو سبق مل گیا، آئندہ جواب مزید سخت ہو گا۔ اب ایرانی مفادات پر کسی بھی حملے کا جواب پہلے سے زیادہ شدید اور مختلف انداز میں دیا جائے گا۔

پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گزشتہ شب امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔ایرانی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کارروائی کے جواب میں ایرانی بحریہ نے ایک ایسے بحری جہاز پر میزائل داغے جو امریکی اور اسرائیلی مفادات سے وابستہ تھا۔

آئی آر جی سی کے مطابق بعد ازاں امریکی فوج نے قشم جزیرے پر واقع ایک ایرانی مواصلاتی ٹاور کو بھی نشانہ بنایا، جس کے ردعمل میں ایرانی فضائیہ نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے خطے میں موجود ایک امریکی فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے اور امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران پہلے ہی خبردار کر چکا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب زیادہ سخت انداز میں دیا جائے گا اور حالیہ کارروائیاں اسی پالیسی کا حصہ ہیں۔ایرانی فوجی قیادت نے مزید کہا کہ حالیہ جوابی اقدامات امریکا کیلئے ایک واضح پیغام اور سبق ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ آبنائے ہرمز کے امن، استحکام اور بحری سلامتی کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

مبصرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ سفارتی ذرائع کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی راستے کو برقرار رکھنے کی کوششوں پر زور دے رہے ہیں۔

Back to top button