عدلیہ اپنےفیصلےخودکرے گی توعمران خان آزادہوں گے،علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہم عدلیہ کے آزاد ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، جب عدلیہ اپنے فیصلے خود کرے گی تو پھر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیسز میں کچھ بھی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف عمران خان سے علی امین گنڈا پور کی ملاقات تقریبا 2 گھنٹے تک اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں جاری رہی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے آئندہ بجٹ کے حوالے سے امور پر بات چیت کی گئی جب کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کی تحریک کے حوالے سے بھی مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میری بانی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ہمارے صوبے کا بجٹ آنے والا ہے اس حوالے سے معاشی ٹیم کی ملاقات بجٹ سے پہلے کرائیں گے اور اگر ملاقات نہ کرائی گئی تو پھر لائحہ عمل طے کریں گے۔
علی امین گنڈاپورنےکہا کہ ہمیں نظر نہیں آرہا عمران خان رہا ہوں گے، ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں اور زور بازو سے اس نظام کو شکست دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں فنڈز انسانی فلاح پر لگانے کا حکم دیا ہے، بانی نے ہمیشہ کہا کہ فنڈز کو ہیومن ڈویلپمنٹ پر لگانا ہے، ہم ممبرز کو جو فنڈز دیتے تھے اب براہ راست نہیں دیں گے بلکہ ممبرز کو اسکیم دیں گے اور ایک کمیٹی اس کی اسکروٹنی کے بعد فنڈز کو منظور کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک پارٹی کا لیڈر ناحق جیل میں ہے، زیادتی ہے کہ ہمیں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، اب بھی وہی ڈرامے بازی ہورہی ہے، پراسیکیوٹر کہہ رہا تھا کہ رات پتا چلا ہے کہ آج پیشی ہے، پراسیکیوشن تاخیر کر رہی ہے۔