عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی اہم ملاقات،پارٹی امورپرمشاورت

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی ایک گھنٹہ تک اہم ملاقات،پارٹی امور پرمشاورت کی گئی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ایس او پی سے ہٹ کر غیر معمولی ملاقات کی، علی امین مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ اڈیالہ جیل پہنچے جہاں وزیراعلی کی گاڑی کو بغیر روک ٹوک کے گیٹ نمبر 5 سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

عمران خان کو ملاقات کیلئے جیل سیل سے کانفرنس روم منتقل کیا گیا، ذرائع کے مطابق عمران خان  اور وزیراعلی کے درمیان ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، پارٹی امور اور سیاسی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

عمران خان کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات میں 8 فروری کو پشاور میں جلسے کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی اوربانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلی کو مختلف ہدایات دی، کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد وزیراعلی کے پی میڈیا سے گفتگو کیے بغیر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

Back to top button