اداکار عمران عباس پاکستانی فلموں میں کام کرنے کیلئے کیوں تیار نہیں؟

بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف پاکستانی اداکار عمران عباس نے ابھی تک ایک بھی پاکستانی فلم میں کام نہیں کیا جس کی وجہ وہ کمزور سکرپٹ کو قرار دیتے ہیں۔اداکار عمران عباس اپنی خوبصورتی اور عمدہ اداکاری کے لیے پاکستان سمیت بھارت میں بھی جانے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں بپاشا باسو کے ساتھ فلم Creature 3D‘ میں بے حد پسند کیا گیا جبکہ انہیں "اے دل ہے مشکل” جیسی بڑی فلم میں کیمیو رول ادا کرتے بھی دیکھا گیا۔
عمران عباس ایک بار پھر ہندوستانی پنجابی فلم "جی وی سوہنیا جی” اور دو دیگر بین الاقوامی فلموں کی تیاری کر رہے ہیں تاہم عمران عباس کو آج تک پاکستانی فلموں میں کام کرتے نہیں دیکھا گیا، حال ہی میں عمران عباس مرزا ملک شو میں شریک ہوئے جہاں ان سے یہی سوال کیا گیا کہ آخر وہ پاکستانی فلموں میں کام کیوں نہیں کرتے؟
جس پر اداکار نے جواب دیا کہ پاکستان میں فلمیں ٹھوس سکرپٹ پر نہیں بن رہی ہیں، اس لئے وہ اب تک کوئی فلم سائن نہیں کر سکے، عمران عباس نے مزید کہا کہ پاکستانی سینما سے حال ہی میں آنے والی تمام فلمیں انہیں آفر کی گئی تھیں لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی سینما اس وقت اس پوزیشن میں نہیں ہے اور اسی لیے وہ پاکستانی فلموں پر بھارتی فلموں کو ترجیح دے رہے ہیں۔
عمران عباس اس فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے، اداکار نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو ممالک، بھارت اور پاکستان کے درمیان بہت سنجیدہ اور رومانوی کہانی پر مبنی فلم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ یورپ، لندن اور بھارت میں ہوگی، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کا صوبہ پنجاب اور بھارت کا پنجاب آپس میں بہت قریب ہیں، اس لیے بھارتی پنجابیوں سے قریبی تعلقات رکھنے کے لیے یہ فلم ایک بہترین کوشش ہے۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے دیگر اداکار بھی اس سے پہلے فلموں میں کام کر رہے تھے لیکن آج کل کے حالات میں کسی پاکستانی کے لیے ایسی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں عمران عباس کو بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم رام لیلا کی بھی پیشکش ہوئی تھی جو انہوں نے ٹھکرا دی تاہم یہ فلم رنویر سنگھ کو مل گئی۔
