عمران کے ہاتھوں علامہ اقبال کی شاعری سے کھلواڑ جاری

سیاستدانوں کی جانب سے سیاسی جلسوں کے دوران زبان پھسلنا کوئی انوکھی بات نہیں ہے، انتخابی مہم میں مخالف امیدوار کے نشان پر مہر لگانے اور اپنے مخالف کی بجائے اپنوں کا ہی رگڑا نکال دینے کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے ARY سے دو کروڑ جرمانہ جیت کر عطیہ کردیا

ایسے ہی ایک تازہ واقعے میں عمران خان نے مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کے شعر کو ایسے توڑ مروڑ کر بیان کیا کہ بیچارے حکیم الامت کی روح مرقد میں بھی کانپ گئی ہو گی۔ عمران شانگلہ جلسے کے دوران ایک بار پھر سیاسی مخالفین اور ’نیوٹرلز‘ پر شدید تنقید کرتے ہوئے نظر آئے۔ جلسے کے اختتام پر انہوں نے علامہ اقبال کا ایک شعر پڑھا اور یہی شعر سوشل میڈیا پر ان کے لیے وجہ تنقید بن گیا ہے۔

اقبال کا شعر کچھ اس طرح سے تھا:

یہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدے سے دیتا ہے آدمی کو نجات

یہی شعر جب عمران نے پڑھا تو اسکے الفاظ آگے پیچھے کر دیے اور کہا کہ

ایک سجدہ جس کو تو گراں سمجھتا ہے
دیتا ہے لاکھوں سجدوں سے نجات

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عمران خان نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا کوئی شعر غلط پڑھا ہوا۔ وہ ماضی میں کم از کم چار مرتبہ یہ حرکت کر چکے ہیں۔ لیکن تازہ ترین واقعے کے بعد سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافی طارق آفاق نے لکھا کہ کپتان نے حضرت علامہ اقبال کو بھی نہیں بخشا، ان کے شعر کا وہ حشر کیا کہ بیچارے حکیم الامت کی مرقد میں روح کانپ چکی ہوگی۔
امداد علی سومرو نے ایک ٹویٹ میں لکھا آج عمران خان سے علامہ اقبال بھی محفوظ نہ رہے، اردو کی ٹانگیں توڑتے ہیں مگر اقبال کے شعر کی پسلیاں توڑ دیں۔

یاد رہے کہ عمران اکثر اپنی تقریروں میں ایسے جملے کہہ جاتے ہیں جس کے بعد طنز و مزاح کی بہاریں سوشل میڈیا پر اُبھر آتی ہیں۔ 2014 کے جلسے کی انتخابی مہم کے دوران عمران خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب آپ نے شیر پر مہریں لگانی ہیں، اور مسلم لیگ ن نے اس بیان کو اشتہار کے طور پر استعمال کیا تھا۔
2019 میں عمران خان کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دوسری جنگ عظیم کی بات کرتے ہوئے جرمنی اور جاپان کی سرحدوں کو آپس میں ملا دیا تھا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کی ایک ایسی ہی ویڈیو فروری 2020 میں بھی وائرل ہوئی اس خطاب میں عمران شرکا کو بتا رہے تھے کہ ’آپ میں سے کتنوں کو پتہ ہے کہ اللہ نے پاکستان میں 12 موسم دیئے ہیں۔

لیکن عمران واحد لیڈر نہیں جن کی تقریروں میں اکثر زبان پھسل جاتی ہے بلکہ ایسا باقی رہنماؤں کے ساتھ بھی ہوتا رہا ہے۔ رواں سال مارچ کے دوران اسلام آباد میں ایک تقریر میں موجودہ وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ’ٹانگیں کانپنے‘ کو ’کانپیں ٹانگنا‘ کہہ گئے تھے۔ ان کے یہ الفاظ نہ صرف کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر طنز و تنقید کی وجہ بنے رہے بلکہ ان کے سیاسی مخالفین بشمول عمران خان بھی ان کا مذاق اڑاتے ہوئے نظر آئے۔ ایسی ہی ایک ویڈیو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں مریم نے غلطی سے اپنے ہی والد کو گیدڑ سے تشبیہ دے دی تھی، مریم نے کہا تھا میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ گیدڑ کی کھال پہن کر کوئی نواز شریف نہیں بن سکتا۔

Back to top button