عمران خان نےسیاست کے بجائے ہمیشہ محاذ آرائی کو ترجیح دی،راناثنااللہ

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نےپی ٹی آئی کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سیاست کے بجائے ہمیشہ محاذ آرائی کو ترجیح دی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ عمران خان اس وقت جس صورتحال میں ہیں اس کے ذمہ دار خود وہ ہیں، اور ان کا سیاسی مستقبل بھی ان کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔
ان کے مطابق کوئی بھی سیاسی رہنما اس انداز سے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اگر عمران خان خود کو سیاستدان سمجھتے ہیں تو انہیں سیاست کرنی چاہیے۔
انہوں نے افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین کو دہشتگردی کے لیےاستعمال ہونے سے روکا جائے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی زیادہ تر دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان سے جڑتے ہیں، جہاں مبینہ طور پر دہشتگردی کی تربیتی سہولیات موجود ہیں اور وہاں سے عناصر پاکستان آ کر کارروائیاں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ سکیورٹی سے متعلق معاملات سیاسی اور عسکری قیادت کی مشاورت سے طے کیے جا رہے ہیں اور اس وقت تمام اہم فیصلے مشترکہ مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ کابینہ کے رکن ہیں اور کابینہ اجتماعی ذمہ داری کا ادارہ ہوتا ہے، اس لیے اگر کسی کو فیصلوں پر اعتراض ہے تو اسے کھل کر سامنے لانا چاہیے۔
