عمران خان اور انکے کچھ ساتھی سیاست نہیں فتنہ و انتشار چاہتے ہیں، رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے چند ساتھی سیاست نہیں بلکہ ملک میں فتنہ، فساد اور انتشار چاہتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سینیٹ ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ نہیں بلکہ راہ فرار اختیار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جماعت اپنے ہی اراکین پر اعتماد نہیں کرتی، جس کا مظاہرہ اس کے عمومی غیر جمہوری رویے سے ہوتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 10 سے 12 اراکین اسمبلی انہیں ووٹ دینا چاہتے تھے مگر انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے بطور پالیسی مخالفین کے خلاف نازیبا زبان اور ’’اوئے توئے‘‘ کے کلچر کو رواج دیا۔ وہ اپنے دورِ حکومت میں اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہیں تھے، جبکہ موجودہ وزیراعظم نے بارہا اپوزیشن کو بات چیت اور یکجہتی کی پیشکش کی ہے۔
پنجاب اسمبلی : سینیٹ نشست پر پولنگ جاری، رانا ثنااللہ اور سلمیٰ اعجاز کے درمیان مقابلہ
لیگی رہنما نے کہا کہ سیاست کا مطلب مکالمہ ہے، جمہوریت ڈیڈلاک سے نہیں بڑھتی۔ وزیراعظم تین مرتبہ خود اپوزیشن کے پاس گئے تاکہ مذاکرات ہوں، مگر پی ٹی آئی نے ہمیشہ ٹکراؤ کو ترجیح دی۔
انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم کو طاقت کے ساتھ ایسے عناصر کو روکنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں ملاقات، خوراک اور سہولیات سے محروم نہیں کیا گیا، ان کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جانا چاہیے۔ رانا ثنااللہ نے علیمہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی بھی مذمت کی۔
