عمران خان کا9مئی کےمقدمات میں شامل تفتیش ہونےسےصاف انکار

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں شامل تفتیش ہونے سے پھر انکار کردیا، پولی گراف، فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ بھی نہیں کرائے۔

تفتیشی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمران خان نے لاہور پولیس کی ٹیم کے ساتھ شامل تفتیش ہونے سے دوسرے دن بھی انکار کر دیا۔

ڈی ایس پی جاوید آصف کی سربراہی میں اڈیالہ جیل آنے والی 13 رکنی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے تھے مگر انہوں نے ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا۔

عمران خان نے ٹیسٹ نہ کرانے کے حوالے سےموقف تحریری طور پر تفتیشی ٹیم کو بھجوادیا،ان ٹیسٹوں کے ذریعے پراسیکوشن مجھے پھنسانا چاہتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میرے آٹھ مقدمات میں ضمانتیں عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہیں۔

تفتیشی ٹیم نے کہا کہ ملزم ٹیسٹ نہیں کروائے گا تو تفتیش کیسے مکمل ہو سکتی ہے، ان ٹیسٹوں کے مکمل ہونے سے ہی پتہ چل سکتا ہے کہ یہ تمام شواہد درست ہیں یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ نہ ہوئے تو تفتیش کا عمل کیسے آگے بڑھے گا، تاہم عمران خان کے انکار کے بعد تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔

Back to top button