اسلام آباد یونائیٹڈکوشکست،کوئٹہ گلیڈی ایٹرزپی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم آخری اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے، آخری بار کوئٹہ نے 2019 کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل صرف 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، رائیلی رسوو 16 اور حسن نواز 6 رنز ہی بناسکے۔فین ایلن نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، ایوشکا فرنینڈو 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، دنیش چندیمل اور فہیم اشرف نے آخری لمحات میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔
فہیم اشرف 23 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جب کہ چندیمل نے 29 گیندوں پر 49 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بین ڈوارشئیس اورسلمان ارشاد نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل، ٹاس جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیل کر میچ جیتیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، جمی نیشم اور نسیم شاہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔