عمران خان نے پی ٹی آئی قیادت کا اہم اجلاس طلب کر لیا

وزیرآباد کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی قیادت کا اجلاس شوکت خانم ہسپتال میں طلب کر لیا ہے۔
گزشتہ روز وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں عمران خان، فیصل جاوید اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا تھا، عمران خان اور فیصل جاوید لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
عمران پرحملے کو بھی گھٹیا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا
پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز پیش آئے افسوسناک واقعے کے خلاف آج ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج کا اعلان بھی کیا ہے، دوسری جانب پنجاب پولیس کی جانب سے حملہ آور سے تفتیش کا سلسلہ بھی جاری ہے اور پولیس نے گرفتار ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کا اہم مشاورتی اجلاس دوپہر ایک بجے شوکت خانم ہسپتال میں ہوگا جس کی صدارت پارٹی چیئرمین عمران خان خود کریں گے، ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
