عمران خان، اسد عمر، فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری

الیکشن کمیشن کی توہین پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔ منگل کو چار رُکنی الیکشن کمیشن نے اِن رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے مقدمے میں جاری کیے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدالتی فیصلے کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جانبدارانہ ہے اور اس کے خلاف ہائیکورٹ میں جائیں گے، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے اُن کو جواب دینے کے لیے طلب کیا تھا۔

عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری نے پیش ہونے کے بجائے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں جن کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا، الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 17 جنوری تک پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر تین جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

فیصلے کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانا ہوں گے، خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے توہین کے نوٹسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔

سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماؤں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے، سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی سے نہیں بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کیس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دوران سماعت ہدایت کی تھی کہ ہائی کورٹس میں زیر التوا درخواستوں کی سماعت جلد مکمل کی جائے۔

جنرل باجوہ نے پاکستانی سیاست میں گند کیسے مچایا

Back to top button