عمران کے باغی ساتھی کو جان کا خطرہ لاحق

حال ہی میں عمران خان کے خلاف بغاوت کرنے والے تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا یا ان کی خاندان کے کسی فرد پر کوئی آنچ آئی تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوگی اور وہ ان کا قبر تک پیچھا کریں گے۔
پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اور سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے عمران خان سے کہا ہے کہ میرے خلاف آپ کی ہدایات ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ میرے اور آپ میں ایک فرق ہے کہ ہر روز سونے سے پہلے میری دو بیٹیاں میری حفاظت اور سلامتی کی دعا کرتی ہیں, لیکن آپ اس نعمت سے محروم ہیں اور وہ بھی اپنی غلطیوں کی وجہ سے؟ آپ کو اندازہ نہیں کہ بیٹی کی دعا کیا ہوتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار عمران ہوں گے اور میری فیملی پر اگر کوئی آنچ بھی آئی، میں انکا کا قبر تک پیچھا کروں گا۔
احمد جواد نے پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کے جواب میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریاست مدینہ کے حکمران ہونے کا ثبوت دیں اور میرے سوالوں کا جواب بھی دیں اور مجھے دھمکیاں دلوانا بند کریں۔ احمد جواد کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے کے بعد میں نے پچھلے دس دن میں چالیس ٹویٹس کی ہیں جن کو بیس لاکھ لوگوں نے دیکھا، بہت بڑی اکثریت نے مجھ سے اتفاق کیا، اور ری ٹویٹ کیا۔ صرف دو ہزار کمنٹ منفی تھے، اور وہ بھی آپ کی سوشل میڈیا ٹیم نے کیے تھے۔ آپ کی سوشل میڈیا تیم بھی فیل ہو گئی یا اُن کا بھی ضمیر میری طرح جاگ گیا۔ اب ان کی ڈانٹ ڈپٹ کرنا شروع کر دیجئے گا۔ آپ کے جوابات کا انتظار اب پوری قوم کو ہے۔
سیاسی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ تحریک انصاف حکومت کی کشتی کو ڈوبتا دیکھ کر اب گھر کے بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں۔ اپنی ہی جماعت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے والے اکبر ایس بابر کے بعد تحریک انصاف کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کپتان کی نااہلی اور ان کی ٹیم کی کرپشن کا پردہ چاک کرتے ہوئے تبدیلی سرکار کو بیچ بازار ننگا کردیا ہے۔
لیکن تحریکِ انصاف کے لوگوں کا مؤقف ہے کہ برسوں بعد احمد جواد کا ضمیر اس لئے جاگا کہ اسے پر زور خواہش کے باوجود چیئرمین پیمرا نہیں لگایا گیا اور ناقص پرفارمنس پر پارٹی عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا۔ خیال رہے کہ احمد جواد ایک سابق نیوی افیسر ہیں، وہ 2000 میں عمران خان کی دعوت پر تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔انہوں نے 2010 میں پی ٹی آئی کا میڈیا سیل قائم کیا اور اس کے پہلے آرگنائزر بن گئے، 2018 کے عام انتخابات کے بعد وزیراعظم عمران خان کے خصوصی ترجمانوں میں شامل ہوگئے۔
دسمبر 2021 تک تحریک انصاف کے تنظمیوں کی تحلیل تک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات تھے۔ احمد جواد نے چند روز قبل ایک انٹرویو میں تحریک انصاف کی اسٹیبلشمنٹ نواز سیاست اور کئی کابینہ اراکین کے حوالے سے ہوشربا انکشافات کئے ہیں۔ احمد جواد نے تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے گٹھ جوڑ، فوج کے ایما پر ثاقب نثار کے ہاتھوں نواز شریف کی نااہلی، جنرل ظہیر الاسلام کی سرپرستی میں 126 روزہ دھرنے اور تحریک انصاف کے وزراء کی کرپشن کا پردہ چاک کرتے ہوئے لنکا ڈھادی ہے جس کے بعد انہیں پارٹی کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے اور شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس کے جواب میں احمد جواد نے کپتان اینڈ کمپنی کو چارج شیٹ کرتے ہوئے درجنوں سوالوں کے جواب مانگے ہیں۔
شوکاز نوٹس کے جواب میں احمد جواد کہتے ہیں، ڈیئر عمران خان، آپ کا محبت نامہ، شو کاز نوٹس کی شکل میں ملا جس میں میری دو ٹوئیٹس پر وضاحت مانگی گئی۔ مجھے شوکت خانم کینسر ہسپتال کیلئے برسوں تک اپنی تنخواہ میں سے ہر ماہ دس فیصد ڈونیشن کٹوانے کا افسوس نہیں؟ مجھے میانوالی نمل یونیورسٹی کو ڈونیشن دینے کا بھی افسوس نہیں؟ مجھے 2005 کے زلزلہ میں آپ کو ڈونیشن دینے کا بھی افسوس نہیں۔مجھے پارٹی دفتر کے اخراجات اپنی جیب سے دینے کا بھی افسوس نہیں۔مجھے پی ٹی آئی میں بیس سال کام کرنے کا بھی افسوس نہیں کیونکہ یہ میری ذات سے بالاتر مقاصد تھے۔ مجھے افسوس یہ ہے کہ میں آپ کو پہچان نہ سکا اور دھوکے میں رہا۔یہ میرا الزام نہیں بلکہ آپ کے ماضی میں کئے گئے دعوؤں اور برسر اقتدار آنے کے بعد اْن دعوؤں کے تضاد کی حقیقت ہے۔
ریاست مدینہ میں خلیفہ المسلمین حضرت عمر رضی اللّہ تعالیٰ عنہ سے اْن کی کرتے کے کپڑے کے سائز پر سوال ہوا تھا، اْس کا جواب دیا گیا لیکن اْس شخص کو کوئی شو کاز نوٹس نہیں دیا گیا۔ پاکستان کو ریاست مدینہ سے پہلے اپنی پارٹی کو تو ریاست مدینہ کے مطابق بنا لیں۔
بلوچ اور پشتون قبائل نے سی پیک پر کام کیوں رکوا دیا؟
ایک شو کاز نوٹس میں آپ کو پی ٹی آئی کے خاموش اور دیوار سے لگے ورکرز کی طرف سے دے رہا ہوں، آپ نے آئی ایم ایف میں جانے سے پہلے خودکشی کرنی تھی، خودکشی حرام ہے لیکن آئی ایم ایف کیسے حلال ہو گئی؟ جو دوسروں کیلئے حرام تھی وہ آپ کیلئے حلال کیسے ہو گئی؟ آپ نے اپوزیشن پر کرپشن کے الزام لگائے اور وعدہ کیا لوٹا ہوا مال واپس لاؤں گا۔آج ساڑھے تین سال کے بعد ایک ڈالر بھی نہیں آیا، ہاں ایک بڑی کاروباری شخصیت کے برطانوی حکومت کی طرف سے منی لانڈرنگ میں ڈکلئیرکئے گئے کروڑوں ڈالر سپریم کورٹ کی پینلٹی میں ایڈجسٹ ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک اپوزیشن کے کسی لیڈر پر کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ کیا اسکا مطلب یہ ہے کہ آپ کے الزامات غلط تھے؟ یا اسکا مطلب یہ ہے کہ آپ اور آپ کی ٹیم نااہل ثابت ہوئی؟ دونوں میں سے ایک کی تصدیق کرکے قوم سے معافی مانگیں۔ آپ کے دور میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوااور ریٹنگ میں مزید تنزلی ہوئی۔کرپشن کی وجہ سے ہی آپ نے اپوزیشن کو چور ڈاکو کہا، کیا آپ کے دور میں چوروں اور ڈاکووں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے اور کیا آپ اب ان کے محافظ ہیں؟ پانامہ لیکس میں اپوزیشن میں ہوتے ہوئے آپ نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ گئے۔ اب ملک کے تمام ادارے آپ کے ما تحت ہیں، پنڈورا لیکس میں سینکڑوں پاکستانیوں کے خلاف اب تک کیا ایکشن لیا؟ اگر بھول گئے ہیں تو اپنی ٹویٹ پڑھ لیں، جس میں آپ نے اس تحقیقات کو خود لیڈ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
گندم، چینی، تیل، گیس، رنگ روڈ کے سکینڈل کی تحقیقات میں کیا آپ کو کوئی ذمہ دار نہیں ملا؟ قوم کو لوٹنے والوں کو آپ کے دور میں کیسے تحفظ ملا؟ پچھلے ساڑھے تین سال میں ہر روز 71 ارب کا قرض کہاں استعمال ہوا؟ پچھلے دور میں یہی قرضہ 8 ارب تھا اور اس کی بنیاد پر آپ نے پچھلی حکومت کو چور ڈاکو ڈکلیئر کیا۔ اب آپ اپنے لئے کیا لقب تجویز کریں گے؟ ایک سال میں ایک زرعی ملک کو کیوں گندم، چینی اور خوراک امپورٹ کرنے میں دس ارب ڈالر خرچ کرنے پڑے؟ کیا اسکا مطلب پاکستان کی زراعت کو تباہ کرنے کا سہرا کس کو جائے گا؟ مہنگائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک کیسے بن گیا؟
احمد جواد نے کہا کہ خان صاحب، آپ کے دور میں کشمیر بھارت کا حصہ بن گیا، کیا یہ کسی نا اھلی ہے یا ملی بھگت؟ اور کشمیر روڈ کا نام سری نگر روڈ رکھ کر کشمیر فتح ہو گیا؟ آپ کے دور میں صرف ساڑے تین برس میں پاکستان میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں پچاس فیصد کیسے گر گیا؟ آپ تو ایک روپیہ گرنے پر حکومتوں کو چور ڈاکو کہتے تھے؟ ساہیوال کی معصوم بچی جس کے ماں باپ کو اْس کی نظروں کے سامنے گولیوں سے بھون دیا گیا، اس کو آج تک انصاف کیوں نہیں ملا؟ کیا اْسکی معصوم شکل آپ کو خواب میں آتی ہے؟ مری میں سردی میں ٹھٹھر کر یا کاربن مونو آکسائڈ سے جان سے ھاتھ دھونے والے آپ کے آرام دہ بنی گالا گھر سے صرف تیس میل دور تھے، آپ کو رات کو نیند کیسے آئی جب میڈیا نے ایک رات پہلے حالات کی سنگینی کا بتا دیا تھا۔
کیا ان جانوں کا حساب اس دنیا میں دیں گے یا روز محشر اسکا جواب دیں گے؟ اگر آپ کے بچے مری میں برف میں پھنسے ہوتے تو کیا آپ کو نیند آتی؟ آپ نے غیر قانونی طور پر اپنی پارٹی کو تحلیل کرکے اپنے پارٹی کے آئین کی دھجیاں اْڑا دیں۔ کیا یہ ایک فاشسٹ جماعت ہے یا جمہوری جماعت؟ کیا آپ پارٹی کے اندر فری اور فیئر الیکشن کروانے کی ہمت کر سکتے ہیں؟ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی پارٹی میں الیکشن ہار جائیں گے اگر شفاف انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے۔ آپ نے پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، ساڑے تین سال میں کتنے گھر بن گئے؟ کیا یہ بھی روٹی کپڑا اور مکان جیسا سیاسی نعرہ تھا؟ کیا آپ نے پاکستان کی نوجوان نسل کو بد تہذیبی، گالی گلوچ اور بدتمیزی کا کلچر دیا؟ اس نسل کا مستقبل کیا ہے؟ اسکی تربیت کون کرے گا؟ کیا آج معاشرے میں پھیلی ہوئی بدتمیزی کے ذمہ دار آپ نہیں؟
احمد جواد نے وزیراعظم سے سوال کیا آپ کا فرمان تھا کہ صرف کرپٹ لوگوں کو میڈیا کا خوف ہوتا ہے، آپ کے دور میں میڈیا پر ملٹری ڈکٹیٹر سے زیادہ پابندیاں لگیں، کیا آپ کرپٹ ہیں؟ میڈیا کی آزادی کی انٹرنیشنل ریٹنگ میں پاکستان آپ کے دور میں مزید نیچے چلا گیا۔ کیا آپ میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے ذمہ دار نہیں؟
