عمران کا خطاب ملک کیخلاف سازش،قانونی کارروائی کی جائے گی

وزیر اعظم شہبازشریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ
قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے، ایبٹ آباد میں ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں انکا کہنا تھا عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر ، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہاعمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، انہوں نے عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔

11 مئی سے شدید ’ہیٹ ویو‘ کی وارننگ جاری

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں ہیں، عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، لیکن ہم اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے، عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آج ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کر کے ہٹایا گیا، اس سازش میں مقامی میر جعفر اور میر صادق نے ان کا ساتھ دیا، مخالفین جتنی مرضی کوشش کر لیں، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کر لیں 20 لاکھ لوگوں کا سمندر اسلام آباد آئے گا۔

انہوں نے کہا موجودہ حکمران جہاں بھی جائیں گے وہاں نعرے لگیں گے ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ ہے، پشاور سے صرف ایک لوٹا نکلا اور اس لوٹے کو آج تک دوبارہ پشاور واپس آنے کی جرأت نہیں ہوئی، ہماری پارٹی سے منحرف ہوکر لوٹے بننے والے جہاں بھی جائیں گے ان کے خلاف ضمیر فروش، لوٹے، چور اور غدار کے نعرے لگیں گے، پاکستانی قوم کبھی بیرونی سازش کے تحت مسلط کی گئی حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے ازخود نوٹس لیا، رات کے 12 بجے عدالتیں کھلیں، آج جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے، کیا کسی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے، ملک کے 16 ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کر رہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا اللہ نے ہمیں نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ نہ میں تیتر ہوں، نہ بٹیر ہوں، میں تو نیوٹرل ہوں۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ بار بار کہتا ہوں کہ نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، جنگل میں بڑا جانور چھوٹے کو پکڑ لیتا ہے اس کو کوئی بچانے نہیں آتا، کیونکہ وہ نیوٹرل ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ آخرت میں جواب لے گا کہ کیا تم راہ حق پر چلے یا نہیں۔

Back to top button