پاکستان نے بھارت کو دہشتگردی کی ماں قرار دیدیا

پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں روایتی حریف بھارت کو خطے میں دہشتگردی کی ماں قرار دے دیا گیا ہے، یو این میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم کے مطابق بھارت اب تک 96 ہزار کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے۔

منیر اکرم نے مزید کہا کہ تقریباً 23000 خواتین بیوہ، 11 ہزار سے زائد خواتین سے زیادتی کی گئی اور ایک لاکھ مکان اور سکول تباہ ہوئے، 5 اگست 2019 کے بعد سے 9 لاکھ فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ معصوم کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے لیے جعلی مقابلوں کا سہارا لیا جا رہا ہے، کشمیری محلوں، شہری مراکز اور دیہاتوں کو تباہ اور جلا کر اجتماعی سزائیں دی جا رہی ہیں۔

منیر اکرم کے مطابق بھارتی افواج نے پیلٹ گن کا استعمال کر کے سیکڑوں کشمیری بچوں کو اندھا کر دیا، 13 ہزار کشمیری نوجوانوں کو زبردستی حراست میں لیا گیا اور مقبوضہ کشمیر کو مسلم اکثریتی ریاست سے ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔

انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر پشاور سے گرفتار

پاکستانی مستقل مندوب کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال ایک جامع اور تحقیق شدہ ڈوزئیر جاری کیا، ڈوزئیر میں 1989 سے بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کے 3432 واقعات کے آڈیو اور ویڈیو شواہد کی تصدیق کی گئی۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کا شکار نہیں بلکہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں ہے جبکہ پاکستان نے 2014 سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے اپنی سرزمین کو دہشت گرد گروپوں سے پاک کیا۔

Back to top button