بھارتی ایئر چیف کا پاکستانی طیارے گرانے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انڈین ایئر فورس کے سربراہ اے پی سنگھ کی جانب سے آپریشن ’سِندور‘ کے دوران مبینہ طور پر پاکستانی جنگی طیارے تباہ کرنے کے بیان کو غیر حقیقی اور مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی طیارہ بھارتی کارروائی میں نشانہ نہیں بنا۔
اپنے ایک پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ بھارتی سیاسی قیادت کی تزویراتی ناکامیوں کا ملبہ اب اپنی ہی افواج کے سینیئر افسران پر ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ تین ماہ تک بھارت کی جانب سے ایسا کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا، جب کہ پاکستان نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے فوراً بعد بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی بریفنگ دی۔اس دوران آزاد مبصرین،عالمی رہنماؤں،بھارتی سیاستدانوں اور غیرملکی انٹیلی جنس رپورٹس میں متعدد بھارتی طیاروں،بشمول رافیل،کی تباہی کی تصدیق کی گئی۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن خواجہ محمد آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کا کوئی بھی طیارہ بھارتی کارروائی میں نشانہ نہیں بنا۔اس کے برعکس، پاکستان نے 6 بھارتی جنگی طیارے، ایس 400 فضائی دفاعی نظام اور کئی ڈرونز تباہ کیے،جب کہ متعدد بھارتی فضائی اڈے فوری طور پر ناکارہ بنادیے گئے۔لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی افواج کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ اگر سچائی پر شک ہےتو دونوں ممالک اپنے طیاروں کا ریکارڈ آزادانہ تصدیق کےلیے پیش کریں۔ان کے مطابق ایسا کرنے سےوہ حقائق سامنے آجائیں گے جنہیں بھارت چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ جنگیں جھوٹ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری،قومی عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔ساتھ ہی خبردار کیا کہ اندرونی سیاسی مفادات کےلیے گھڑے گئے مضحکہ خیز بیانیے ایک ایٹمی خطے میں اسٹریٹجک غلط فہمی کے سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے دوران یہ ثابت ہوچکا ہےکہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی ہر خلاف ورزی کا فوری،یقینی اور متناسب جواب دیا جائےگا، اور اگر اس کےبعد خطے میں کشیدگی بڑھی تو اس کی مکمل ذمہ داری ان رہنماؤں پر ہوگی جو وقتی سیاسی فائدے کےلیے جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
بھارتی ائیر چیف کا 6 پاکستانی طیارے مار گرانے کا مضحکہ خیز دعویٰ
واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ کے تین ماہ بعد بھارتی ایئر چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے آپریشن ’سِندور‘ کے دوران پاکستان کے 5 جنگی جہازوں سمیت 6 طیارے مار گرائے تھے۔
