انڈین پنجابی فلم انڈسٹری کے مزاحیہ اداکار جسویندر بھلا 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

پنجابی فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار جسویندر سنگھ بھلا 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، اداکار کے اہلِ خانہ نے جمعے کی صبح موہالی کے ایک ہسپتال میں اُن کے انتقال کی تصدیق کی۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ جسویندر بھلا کو طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کچھ دیر بعد وفات پا گئے۔

کینیڈا میں بننے والی پنجابی فلموں میں اپنی ذہانت، طنز و مزاح اور منفرد انداز کے لیے شہرت پانے والے بھلا کے انتقال پر بھارتی سیاسی رہنماؤں اور فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق، اداکار کی میت موہالی کے فورٹس ہسپتال میں رکھی گئی ہے اور ان کی آخری رسومات ہفتے کے روز بلونگی میں ادا کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ پنجابی فلم انڈسٹری سے وابستہ ان کے کئی ساتھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وارنگ نے جسویندر بھلا کو ’’پنجابیوں کی ایک قابلِ فخر آواز‘‘ قرار دیا۔ لدھیانہ سے رکنِ پارلیمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا:
’’جسویندر بھلا جی کے انتقال سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ دنیا بھر میں پنجابی زبان و ثقافت کے لیے ان کی خدمات اور محبت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کے اہل خانہ اور پرستاروں سے دلی ہمدردی ہے۔‘‘

بی جے پی کے رہنما سکھمندر پال سنگھ گریوال نے بھی اداکار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جسویندر بھلا صرف پنجابی کامیڈی کے بادشاہ نہیں تھے بلکہ سچائی اور سادگی کی آواز بھی تھے۔

انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا:
’’ڈاکٹر بھلا نہ صرف سٹیج اور سینما پر اپنی مزاحیہ صلاحیتوں کے لیے جانے جاتے تھے بلکہ ان کی سادگی اور سچائی نے دنیا بھر میں لاکھوں دل جیتے۔ پنجاب کے دیہاتوں سے لے کر بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک، ان کی حسِ مزاح، گرمجوشی اور ذہانت نے انہیں پنجابی ثقافت کا ایک عالمی سفیر بنا دیا۔‘‘

راجیہ سبھا کی رکن سواتی مالیوال نے بھی جسویندر بھلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ’’سچا آئیکون‘‘ تھے جنہوں نے مزاح کو معاشرتی پیغام رسانی کا ذریعہ بنایا۔

Back to top button