امریکا میں چین مخالف تقریب میں شرکت نہیں کی، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکا میں کسی بھی چین مخالف تقریب میں شرکت نہیں کی، مخالفین کی جانب سےزہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی کا ہیوسٹن میں میڈیا سے اہم گفتگو میں کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تقریب میں ان کی شرکت کو غلط رنگ دیا جارہاہےلیکن کسی بھی چین مخالف تقریب میں نہیں گیا اور اس قسم کے پروپیگنڈےسےکوئی فرق نہیں پڑتا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ ان کےدورۂ امریکا کا مقصد دہشت گردی کےخلاف مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دیناہے۔دہشتگردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں بلکہ یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہےاورپاکستان کےخلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سےنمٹا جائے گا۔
محسن نقوی نےکہا کہ ان کا دورہ امریکا سیاستدانوں سے ملاقاتوں پر مشتمل ہے جن کا مقصد دہشتگردی کےخلاف مل کرمؤثر پلان بنانا ہے۔امریکا کےایوان نمائندگان کو پاکستان کےخلاف اکسایا جا رہا ہےلیکن سیاست اس حد تک نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان کو نقصان ہو۔
کانگریس اراکین کےساتھ ملاقاتوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کےدرمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنےکیلئےمختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نےزور دیا کہ پاکستان کے مسائل کےحل کے لیے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔
