ایران کے خلاف مزید کارروائی ہوسکتی ہے : صدر ٹرمپ

 

 

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دوبارہ حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکا نے ایران کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور مزید فوجی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے, ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، چاہے اس کی سیاسی قیمت ہی کیوں نہ چکانا پڑے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو بری طرح نشانہ بنایا ہے اور ممکن ہےکہ مزید کارروائی بھی کی جائے۔

امریکی وسط مدتی انتخابات کے دوران جنگ کے ووٹرز پر اثرات سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک لحاظ سے لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں، کیوں کہ وہ وہی کررہے ہیں جو ان کے بقول دوسرے صدور کو بھی کرنا چاہیے تھا۔

ایران کے ساتھ بات چیت محدود پیمانے پر جاری ہے : امریکی صدر

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب ممکن ہے لوگ اس اقدام کو پسند نہ کریں، کیوں کہ اس کی ایک قیمت چکانا پڑتی ہے۔ایران کے خلاف یہ قدم اٹھاتے ہی اس کی ممکنہ قیمت کا اندازہ تھا، تاہم امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دےسکتا۔

واضح رہےکہ امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ امریکا اور اسرائیل نے انتخابات کے بعد ایران پر نئے حملوں کا منصوبہ بنالیا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی افواج ممکنہ حملوں کی مشقیں بھی تیز کرچکی ہیں،ممکنہ اہداف میں ایران کی توانائی تنصیبات، جوہری مراکز، میزائل اور ڈرونز ذخائر شامل ہیں۔

 

Back to top button