امریکاکامشرق وسطیٰ میں اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے کااعلان

امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں 25 ہزار سے زائد ڈرون اور اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے کا اعلان کردیا۔

امریکی محکمہ جنگ کا کہنا ہےکہ امریکی سینٹرل کمانڈ کو 78 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کا نیاجدید سسٹم فراہم کردیا گیا ہے، نئے سسٹم میں جدید بغیر پائلٹ فضائی اور بحری نظام فراہم کیے گئے، 24ہزار سے زائد اینٹی ڈرونز سسٹم اور 1300 سے زیادہ حملہ آور ڈرون پہنچا دیے۔

محکمہ جنگ کے مطابق منصوبے کے تحت 100 سے زائد بغیر پائلٹ بحری اور زیرِ آب گاڑیاں بھی امریکی افواج کو فراہم کی گئی ہیں، نئے جدید ہتھیار مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کو ڈرون حملوں سے تحفظ دیں گے جب کہ مشرق وسطی کے بعد بحرالکاہل اوریورپ میں تعینات امریکی افواج کو بھی یہ جنگی سامان دیاجائےگا۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے کی کوشش کے دوران دو آئل ٹینکرز اور ایک ٹگ بوٹ میں الگ الگ واقعات میں آگ لگی۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز کے جنوب میں گزرگاہ سے نکلنے کی کوشش کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جبکہ دوسرا بڑا آئل ٹینکر آبی گزرگاہ کے مشرقی حصے میں راستے سے نکلتے ہوئے آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

پاسداران انقلاب کا کہناہے کہ دوسرے ٹینکر کی آگ بجھانے کے لیے قریب آنے والی ٹگ بوٹ میں بھی آگ لگ گئی۔

Back to top button