ایران کا امریکا سے جوہری تنصیبات کی تباہی پر ہرجانے کا مطالبہ

ایران نے فردو، نطنز اور اصفہان میں واقع اپنی سویلین جوہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات پر امریکا سے ہرجانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے لبنانی نشریاتی ادارے "المیادین” کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو ان حملوں کے بدلے لاکھوں ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی سائنسی اور تکنیکی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف اقوام متحدہ میں باضابطہ شکایات درج کرائے گا۔
سعید خطیب زادہ نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر جارحیت کی اور ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، لیکن ایران نے ثابت قدمی کے ساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ان کے مطابق ایران ایک تہذیب ہے جسے طاقت کے ذریعے مٹایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی اسٹریٹجک غلطیوں کے باعث ہزاروں اسرائیلی آبادکار اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے، اور کئی شہری اسرائیل سے باہر چلے گئے۔
ایران سے یکجہتی پر پاکستان کے بے حد مشکور ہیں ، ایرانی سفیر
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ امریکا نے ایران کو جنگ بندی کے لیے پیغامات بھیجے، جس کے جواب میں ایران نے خطے میں ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران اقوام متحدہ میں بھرپور مؤقف اپنائے گا، اور عالمی برادری کے سامنے یہ مؤقف رکھا جائے گا کہ ایران کی سویلین تنصیبات اور سائنسی صلاحیتوں پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔