نئی امریکی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں: ایرانی وزارت خارجہ

 

 

 

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں اور ایران ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے، پیغامات کے تبادلے کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہاکہ ایران بنیادی طور پر اپنے حقوق کا مطالبہ کررہا ہے اور ان حقوق میں ایران پر عائد امریکی پابندیوں کا خاتمہ بھی شامل ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کو اپنی نیک نیتی ثابت کرنا ہوگی اور ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، جنہیں ایران ’بحری قزاقی‘ قرار دیتا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہاکہ ایران اور امریکا کے درمیان ایران کے پیش کردہ 14 نکات کی بنیاد پر پیغامات کا تبادلہ جاری ہے جب کہ پاکستان اس سفارتی عمل میں اہم ثالثی کردار ادا کررہا ہے۔

پاکستانی ثالثی میں امریکا ایران مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ محسن نقوی اس وقت ایران میں موجود ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کے تبادلے میں سہولت فراہم کی جاسکے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران، عمان اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کی پائیدار سلامتی کےلیے ایک مؤثر میکنزم قائم کرنا چاہتا ہے۔ایران دیگر ممالک کے تعاون سے محفوظ بحری آمدورفت کے پروٹوکول تیار کرنے کےلیے بھی تیار ہے تاکہ خطے میں تجارتی اور تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت محفوظ بنائی جاسکے۔

 

Back to top button