ایران تیل کی پیداوار کو مستقل طور پر روک سکتا ہے، پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف کے مشیر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ ایران خطے میں تیل کی پیداوار کو مستقل طور پر روک سکتا ہے۔
جنرل محمد رضا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران خطے میں تیل کی پیداوار کو روک سکتا ہے، ایران نے ابھی تک اپنے سب سے تباہ کن ہتھیاروں کو استعمال نہیں کیا ابھی بہت سے اہداف ایسے ہیں جنہیں ہم نے نشانہ نہیں بنایا، انہیں ہم اگلے مراحل کیلئے محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر وہ ہمارے بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے تو وہ بھی اپنے بجلی گھروں سے محروم ہو جائیں گے، ایک بیلسٹک میزائل طیارہ بردار جہاز کے ڈیک پر لگ جائے تو تمام طیارے سمندر میں جا گریں گے اور ہزاروں ٹن گولا بارود پھٹ جائے گا، جو امریکا کے لیے قومی تباہی ہوگی۔
جنرل محمد رضا نقدی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مکمل فوجی برتری حاصل ہے اور اگر دوبارہ کشیدگی بڑھی تو وہ عالمی تیل منڈیوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
ایران اور امریکہ میں کئی امور طے ہونا باقی ہیں: ایرانی سپیکر
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ایران کی سب سے بڑی طاقت اس کی زمینی افواج ہیں، جو ابھی تک جنگ میں شامل نہیں ہوئیں، خطے میں امریکی اڈے ختم نہ کیے گئے تو ہم خود جا کر انہیں ختم کر سکتے ہیں، ہم ہتھیاروں پر غرور نہیں کرتے، عام فوجی حساب کتاب کے مطابق بھی برتری ہمارے پاس ہے۔
