لبنان پرحملوں کیخلاف ایران کی جنگ بندی ختم کرنےکی دھمکی

لبنان پراسرائیلی حملوں کیخلاف ایران نے امریکاکےساتھ جنگ بندی ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئےپیغامات کا تبادلہ روک دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر لبنان میں اسرائیلی حملے جاری رہے تو ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ختم ہونے کا قوی امکان ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی۔
ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کا کہنا ہے کہ لبنان میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کے باعث ایرانی مذاکراتی وفد نے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ روک دیا ہے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ جب تک لبنان اور غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خاتمے سے متعلق اس کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، اس وقت تک کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مزاحمتی محاذ اور ایران نے اپنی حکمت عملی کے تحت آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے اور آبنائے باب المندب سمیت دیگر محاذوں کو فعال کرنے کا ایجنڈا طے کر لیا ہے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے ایرانی جزیروں پر ہونے والے امریکی حملے کے جواب میں کیے گئے میزائل حملوں کی ویڈیو جاری کردی۔
پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے خطے میں اس اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے ہرمزگان کے علاقے سیرک میں ایک مواصلاتی ٹاور پر حملہ کیا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق کارروائی کے دوران تمام طے شدہ اہداف کو کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا گیا۔

Back to top button