ایرانی وزیر خارجہ کی آج اسلام آباد آمد متوقع

امریکا ایران مذاکرات کےلیے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی مختصر ٹیم کے ہمراہ آج اسلام آباد آمد متوقع ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جس میں خطے کی صورت حال اور ایران و امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستانی مصالحتی ٹیم سے گفتگو کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جلد متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آج اسلام آباد آمد کا عندیہ دیا ہے۔ عباس عراقچی مختصر ٹیم کے ہمراہ آج رات اسلام آباد پہنچیں گے اور پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکی لاجسٹک اور سکیورٹی ٹیم بھی اسلام آباد میں ہی موجود ہے،جس کےبعد امریکا-ایران مذاکرات کے دوسرے دور کے جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے جمعے کے روز پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے رابطہ کیا۔ اس دوران حالیہ علاقائی پیش رفت اور ایران و امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ اور اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطےکی صورتِ حال، امریکا-ایران جنگ بندی اور تنازع کے حل کےلیے سفارتی کوششوں سے متعلق معاملات زیرِ بحث آئے۔
