ایران کے جوابی حملے، کویت، بحرین اور اردن میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

 

ایران نے امریکا کے مسلسل ساتویں رات ہونے والے حملوں کے جواب میں کویت، بحرین اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی فوج نے شمالی بحرِ ہند میں ایک امریکی بحری جہاز پر کروز میزائل سے حملہ کرنے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو ایران بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا۔

ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں امریکی ڈرونز کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت کے ایک مرکز کو بھی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔

ادھر کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ آج صبح ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔

کویتی حکام کے مطابق ایرانی حملوں کے دوران فوج کے کئی مراکز اور کیمپ بھی ڈرون حملوں کی زد میں آئے، جس کے نتیجے میں زمینی افواج کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے، تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایک بجلی گھر اور سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے والے ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث پلانٹ کے ایک اہم حصے میں آگ لگ گئی اور اس کے بعض حصوں کے علاوہ بجلی پیدا کرنے والے یونٹس کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب اردن کی فوج نے کہا ہے کہ آج صبح سویرے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایران کے 10 میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔فوج کے مطابق یہ کارروائی معمول کے دفاعی اقدامات کے تحت کی گئی تاکہ ملکی خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال محفوظ رہے۔

اردنی فوج نے مزید بتایا کہ میزائلوں کو تباہ کیے جانے کے نتیجے میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا مالی یا مادی نقصان پہنچا، جبکہ رائل انجینیئرز کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں سے میزائلوں کا ملبہ ہٹانے اور مقامات کو محفوظ بنانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔

 

غیر قانونی مقیم افغانوں کی ملک بدری سے پاکستانی تاجر پریشان کیوں؟

علاوہ ازیں بحرین میں چند ہی گھنٹوں کے دوران تیسری مرتبہ ہنگامی فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے، جس کے بعد حکام نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔

Back to top button