کیا اداکار اعجاز اسلم 61 برس کے ہیں یا 81 برس کے؟

پاکستانی سوشل میڈیا پر معروف ٹی وی اداکار اعجاز اسلم کی اصل عمر بحث کا موضوع بنی ہوئی یے
اور یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا اداکار واقعی 61 برس کے ہیں یا 81 برس کے بڈھے ہیں۔ معروف ڈرامہ اداکار اعجاز اسلم نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر خود سے متعلق غلط معلومات پھیلائے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو وہ 61 سال کے بڈھے ہیں اور نہ ہی وہ زندگی میں کبھی گجرات شہر گئے ہیں۔
اعجاز اسلم نے انسٹاگرام پر خود سے متعلق انٹرنیٹ پر پھیلنے والی غلط خبروں اور معلومات کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے ان پر برہمی کا اظہار کیا۔ اعجاز اسلم نے جن خبروں اور معلومات کے اسکرین شاٹس شیئر کیے، ان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکار صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہوئے اور ان کی اصل ذات ’کوتلی‘ ہے۔ اس کے علاوہ وکی پیڈیا پر یہ غلط معلومات درج ہیں کہ اعجاز اسلم 1941 میں پیدا ہوئے اور یوں ان کی عمر 80 برس بنتی ہے۔ اعجاز اسلم نے اپنے بارے میں غلط معلومات پر مبنی جو اسکرین شاٹس شیئر کیے ان میں ان کی عمر 61 برس بتائی گئی تھی جب کہ ان کا قد بھی بتایا گیا تھا۔
ساتھ ہی انٹرنیٹ پر دستیاب غلط معلومات کی بنیاد پر ایک شخص کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ بھی اعجاز اسلم نے شیئر کیا۔ جس ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ اداکار نے شیئر کیا، اس میں اعجاز اسلم کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں 61 سالہ شخص قرار دیا گیا تھا، ساتھ ہی ان کی تعریف کی گئی تھی کہ انہوں نے خود کو اتنی زائدالعمری میں بھی جوان رکھا ہے۔ اس ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ عام طور پر لوگ گلوکار شہزاد رائے اور اداکارہ ماہ نور بلوچ کو زائد العمر ہونے کے باوجود جوان اور پرکشش قرار دیتے ہیں مگر وہ اعجاز اسلم کی طرف نہیں دیکھتے جو 61 برس کی عمر میں بھی جوان نظر آتے ہیں۔
اعجاز اسلم نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر شوبز شخصیات سے متعلق دستیاب غلط معلومات پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اس بات پر بھی افسوس کیا کہ 2022 میں بھی لوگ اداکاروں کو عمر کا طعنہ دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
اداکار نے لکھا کہ اب زمانہ آگے نکل چکا، اب کسی کو عمر کا طعنہ دے کر انہیں شرمندہ نہیں کیا جانا چاہیے، اب 2022 چل رہا ہے اور تاحال لوگ دوسروں کو عمر کے طعنے دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ پر ان سے متعلق دستیاب معلومات غلط ہے، کیوںکہ ان کی پیدائش صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی تھی۔ اداکار نے واضح کیا کہ وہ آج تک ’گجرات‘ نہیں گئے اور نہ ہی ان کی ذات ’کوتلی‘ ہے اور یہ بھی کہ ان کی عمر 61 سال نہیں ہے۔ جہاں اداکار نے خود سے متعلق معلومات کی وضاحت کی، وہیں اداکار نے اپنی اصل عمر نہیں بتائی۔
تاہم اعجاز اسلم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی اصل تاریخ پیدائش 3 اکتوبر1970 ہے لہذا ان کی عمر 51 برس بنتی یے۔
یاد رہے کہ اعجاز اسلم سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات اس بات کا شکوہ کر چکی ہیں کہ انٹرنیٹ اور خصوصی طور پر وکی پیڈیا پر ان سے متعلق دستیاب معلومات غلط ہے اور شوبز پیجز بھی ان سے متعلق غیر مصدقہ معلومات شیئر کرتے رہتے ہیں۔ خیال رہے کہ وکی پیڈیا پر اعجاز اسلم کو معروف اداکار اور کامیڈین منورظریف کا کلاس فیلو اور دوست بتایا جاتا ہے جو صرف 36 برس کی عمر میں 1976 میں انتقال کر گئے تھے۔ منور ظریف 1940 میں پیدا ہوئے تھے، وکی پیڈیا کے مطابق اعجاز اسلم 1941 میں لاہور میں پیدا ہوئے، یوں اعجاز اسلم کی عمر 81 برس بنتی ہے، اگر منورظریف زندہ ہوتے تو ان کی عمر 82 برس ہوتی۔
وکی پیڈیا پر دستیاب معلومات کے مطابق اعجازاسلم 1941ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ قدرت نے ان کے لیے شوبز میں کام کرنا لکھا تھا، یہی وجہ ہے کہ زمانہ طالب علمی سے فراغت کے بعد وہ بطور بینکر اپنے کیریئر کی شروعات کرتے ہیں، لیکن کچھ عرصے میں اس کام سے ان کا دل اُچاٹ ہوجاتا ہے۔ وجہ یہ تھی کہ وہ ایک اداکار کی حیثیت سے زندگی بسر کرنا چاہتے تھے۔
یہ خیال انہیں اس لیے آیا کیونکہ پاکستانی فلمی صنعت کے معروف مزاحیہ اداکار منور ظریف ان کے بچپن کے دوست تھے۔ وکی پیڈیا پر بتایا گیا ہے کہ منور ظریف فلمی صنعت میں اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے تھے، یہی دوستی ان کے اداکار بننے کی وجہ ثابت ہوئی۔ یہ الگ بات ہے، زندگی نے دونوں کو ایک ساتھ کام کرنے کا موقع نہ دیا لیکن یہ اعزاز بھی صرف علی اعجاز کے حصے میں ہی آیا کہ جب منور ظریف کا انتقال ہوا تو فلمی صنعت میں ان کے خلا کو پُر کرنے کے لیے یہی دوست آگے آیا اور اپنے کام سے دوستی کا دم بھرا۔ تاہم علی اعجاز کا یہ موقف سچ لگتا ہے کہ وکی پیڈیا پر دستیاب یہ معلومات سراسر غلط ہیں۔
