کیا حریم شاہ الطاف حسین کی MQM میں شامل ہورہی ہیں؟

پچھلے چند ہفتوں سے لندن میں قیام پذیر ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کی متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے سر راہ ملاقات کے بعد یہ افواہیں گرم ہیں کہ وہ ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرنے جا رہی ہیں۔ حریم شاہ ہمیشہ کسی نہ کسی تنازع کی وجہ سے سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا میں خبروں میں رہتی ہیں۔
کچھ دنوں پہلے وہ پاکستان سے برطانیہ روانہ ہوئی تھیں اور ایئرپورٹ پر ہزاروں پاؤنڈز کے ساتھ انہوں نے ایک ویڈیو بنائی جس کے بعد ایف آئی اے حکام نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام پر تحقیقات شروع کی تھیں، تاہم بعد میں حریم نے اس ویڈیو کو مذاق قرار دے دیا اور پھر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست ڈال دی کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ان کے خلاف تحقیقات سے روکا جائے۔ سندھ ہائی کورٹ میں حریم شاہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو احکامات جاری کر دیے ہیں کہ ٹک ٹاک سٹار کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی جائے۔
لیکن اب سوشل میڈیا پر حریم کی ایک اور ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین سے لندن کی کنگسٹن کورٹ کے باہر بات چیت کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ الطاف حسین اپنے خلاف دائر کردہ اخک کیس کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہوئے تھے لیکن حریم شاہ بھی ان سے ملنے وہاں پہنچ گئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں الطاف حسین کو حریم شاہ کو دعائیں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ الطاف حسین ویڈیو میں حریم شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’اللہ خوش رکھے آپ کو۔‘ حریم شاہ ان سے پوچھتی ہیں ’کیسے ہیں آپ؟‘ جس کے جواب میں الطاف انہیں جواب دیتے ہیں کہ وہ بلکل ٹھیک ہیں۔
اسکے بعد ایم کیو ایم کے بانی انہیں کہتے ہیں کہ ’میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر مسئلے سے بچائے اور خوش رکھے اور ہر پریشانی اور مصیبت سے دور رکھے۔‘ تاہم الطاف حسین نے حریم شاہ کے ساتھ تصویر بنوائے بغیر چلے گئے۔
کیا شاہ محمود قریشی کا وزارت عظمیٰ کا خواب پورا ہو گا؟
اردو نیوز کے مطابق سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر طنزیہ و مزاحیہ تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں۔ یمنیٰ طارق نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں پوچھا ’کیا حریم شاہ ایم کیوایم میں شامل ہورہی ہیں؟‘ عظیم بٹ نامی صارف کہتے ہیں کہ ’الطاف حسین تمام مسائل سے بچ سکتے ہیں لیکن ’یاد رکھیں حریم شاہ سے نہیں بچ سکتے۔‘
الطاف حسین سے ملاقات کے بارے میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ’ہم یہاں ایسے ہی آئے ہوئے تھے اور کنگسٹن کراؤن کورٹ کے باہر ہم موجود تھے یہاں پر پاکستانی میڈیا کھڑا تھا تو انہوں نے کہا کہ آج کورٹ میں الطاف حسین کی سماعت ہے اور ان کو بلایا گیا ہے۔
ٹک ٹاک سٹار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے گارڈز نے انہیں سماعت کے بعد ان سے ملنے سے روکا۔ حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں اچھا لگا کہ ایم کیو ایم کے بانی وہاں رکے اور ان سے بات کی۔ واضح رہے برطانیہ میں مقیم بانی الطاف حسین کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت لندن کے کنگسٹن کراؤن کورٹ میں رواں ہفتے شروع ہوئی تھی۔
پیر سے شروع ہونے والی سماعت میں الطاف حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے 22 اگست 2016 کو لندن سے ایک ٹیلیفونک خطاب میں اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسایا۔ انہیں اسی کیس میں جون 2019 میں گرفتار بھی کیا گیا تھا، تاہم انہیں بعد ضمانت پر رہائی دے دی گئی تھی۔
واضح رہے اکتوبر 2019 میں سکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین پر ان کی ایک متنازع تقریر سے متعلق ایک کیس میں دہشت گردی کے جرم میں فرد جرم عائد کی تھی۔ الطاف حسین کے خلاف مقدمے کی سماعت تین ہفتوں تک جاری رہے گی۔
واضح رہے الطاف حسین نے سندھ کے ساحلی شہر کراچی میں 22 اگست 2016 کو لندن سے ٹیلیفون کے ذریعے ایک ’پاکستان مخالف تقریر‘ کی تھی جس کے بعد ان پر پاکستان میں تقاریر پر پابندی کرنے پر پابندی ہے۔ ان کی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے ان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
