کیا سورہ رحمن کی تلاوت سے موذی بیماریوں کا علاج ممکن ہے؟

معروف لکھاری اور کالم نگار یاسر پیرزادہ نے ان لوگوں کے لیے اللہ تعالی سے ہدایت کی دعا کی ہے جو سستی شہرت کی خاطر اللہ کی کتاب کے حوالے سے من گھڑت پرا پراپیگنڈاکرتے ہوئے یہ دعوے کرتے ہیں کہ دنیا پر موجود ہر بیماری کا علاج سورہ رحمن کی تلاوت میں پوشیدہ ہے۔

روزنامہ جنگ کے لیے اپنی تازہ تحریر میں یاسر پیرزادہ کہتے ہیں کہ ایک صاحب ہیں، جو ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں، اُن کا دعویٰ ہے کہ ہر بیماری کا علاج سورہ رحمٰن میں پوشیدہ ہے۔ موصوف فرماتے ہیں کہ ’’آپ قاری باسط مصری کی آواز میں بغیر ترجمے کے سورہ رحمٰن سات دن تک روزانہ تین مرتبہ سنیں، اس دوران اپنے پاس آدھا گلاس پانی رکھ لیں، آنکھیں بند کر لیں، ترجمے کے بغیر اِس لیے کہ کہیں آپ کا دھیان لفظوں کی طرف نہ چلا جائے، فوکس سورہ رحمٰن والے کی طرف ہونا چاہیے، اور پھر اپنے دل میں جتنے پیار سے ہو سکے تین بار اللہ اللہ اللہ کہیں، اور اللہ کی خاطر سب کو معاف کر دیں۔ اگر بارہ سال سے چھوٹے بچے کے ماں باپ اِس طرح سورہ رحمٰن سُن لیں تو اُن کا آٹزم Autism والا بچہ شفایاب ہو جائے گا۔ اسکے علاوہ اگر ماں باپ اللہ کی مخلوق کو معاف کر دیں تو اللہ اُن کے بچے کو معاف کرتے ہوئے ٹھیک کر دے گا‘‘۔

یاسر پیرزادہ کہتے ہیں کہ ہم میڈیکل سائنس کی بات بعد میں کریں گے، پہلا سوال تو یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ دعویٰ قرآن و حدیث سے ثابت بھی ہوتا ہے یا نہیں؟ کیا خدا نے اپنی کتاب میں یا اللہ کے آخری نبیﷺ نے اپنے کسی قول یا عمل کے ذریعے یہ بات کی جو موصوف نہایت قطعیت کے ساتھ یوں بتا رہے ہیں جیسے نعوذ باللہ خدا اِن سے براہ راست ہم کلام ہوتا ہے۔ اور پھر اِس دعوے کا تضاد دیکھیں کہ تلاوت قاری باسط مصری کی آواز میں سننی ہے کیونکہ ’اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ اِس کے نتائج سب سے اچھے ہیں۔‘ واہ۔ یعنی سورہ رحمٰن اگر قاری شاکر قاسمی کی آواز میں سنیں گے تو وہ شفا نہیں دے گی باسط مصری کا ٹریڈ مارک ہوگا تو اللہ سنے گا۔ استغفراللہ۔ بطور مسلمان قرآن مجید پر ہمارا ایمان ہے کہ یہ اللہ کی کتاب ہے مگر یہ کتابِ ہدایت ہے، اِس کا مقصد آٹزم کا علاج بتانا نہیں بلکہ دنیا و آخرت کیلئے انسان کی رہنمائی کرنا ہے۔ اور یہ کیسی منطق ہے کہ اگر بچے کے ماں باپ اپنا قبلہ درست کر لیں تو اُن کا بچہ ٹھیک ہو جائے گا، اِس کا مطلب یہ ہوا کہ جن والدین کے معصوم بچے آٹزم کا شکار ہیں انہیں ہم گمراہ کہہ رہے ہیں۔ ہمیں کس نے یہ اتھارٹی دی؟ اور بالفرض محال اگر یہ ’دلیل‘ مان بھی لی جائے تو سوال پیدا ہوگا کہ آٹیزم Autism والے بچے کے والدین اگر کسی وجہ سے موصوف کے بتائے ہوئے طریقے پر عمل نہ کر سکیں تو کیا اِس کی سزا تمام عمر اُس معصوم بچے کو ملتی رہے گی جس بیچارے کے اختیار میں ہی نہیں کہ وہ سورہ رحمٰن سننے کا اہتمام کر سکے؟ کیا یہ انصاف ہو گا، کیا یہ بات اللہ کی شان کے مطابق ہو گی؟

یاسر پیرزادہ کہتے ہیں کہ اپ ایک منٹ کیلئے ایسے والدین کا تصور کریں جنہوں نے صدقِ دل سے سورہ رحمٰن کی تلاوت سنی اور اسی طرح دل میں تین مرتبہ اللہ کو پکارا اور اپنے تمام دشمنوں کو معاف بھی کر دیا لیکن اِس کے باوجود اُن کا بچہ آٹزم سے نجات نہیں پا سکا تو کیا اُن ماں باپ کا قرآن پر اعتقاد مضبوط ہو گا یا متزلزل؟ ایسے لوگوں کی باتوں پر آپ مِن و عَن عمل بھی کرلیں لیکن نتائج درست نہ آنے پر یہ سارا مدعا آپ پر ہی ڈالیں گے کہ آپ کی نیت ٹھیک نہیں تھی، آپ کی دعا میں خشوع و خضوع نہیں تھا، آپ نے دل سے دعا نہیں کی، وغیرہ۔ بندہ پوچھے کہ کیا آٹزم Autism کے مرض میں مبتلا بچوں کے والدین دل سے اپنے بچے کیلئے دعا نہیں کرتے ہوں گے؟ ضرورت مند تو دیوانہ ہوتا ہے، ایسے بچوں کے ماں باپ کو تو اگر کوئی کہے کہ بچے کو مٹی مل دیں تو ٹھیک ہوجائے گا تو وہ بیچارے یہ بھی کر گزریں گے۔

یہ باتیں لکھتے ہوئے میں سوچ رہا ہوں کہ کوئی شخص اتنا سنگدل کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ اللہ کے کلام کو ڈھال بنا کے لوگوں کی دل آزاری کرے، کیا اسے اندازہ نہیں کہ اِس طرح وہ اُن لوگوں کی تکلیف میں کس قدر اضافے کا باعث بن رہا ہے جو پہلے ہی اِس دنیا میں کڑی آزمائش سے گزر رہے ہیں؟ یہ کہنا کہ اگر بچے کے ماں باپ ٹھیک ہو جائیں اور وہ اللہ کی مخلوق کو معاف کر دیں تو اللہ اُن کے بچے کو معافی دے دے گا، اِس قدر سنگ دلانہ بات ہے کہ بے حِس سے بے حِس شخص بھی یہ بات نہیں کر سکتا مگر یہ لوگ اِتنے بے رحم ہیں کہ انہیں اپنی دکان چمکانے کے سوا اور کسی بات سے کوئی غرض نہیں، اِس مقصد کیلئے یہ اللہ کے کلام کو بھی بیچ رہے ہیں اور انہیں ذرہ برابر شرم نہیں آ رہی۔ مجھے یہ بات لکھنی تو نہیں چاہیے مگر لکھنا ضروری ہے کہ خدانخواستہ اگر اِن کا بچہ ایسے کسی موذی مرض کا شکار ہو جائے تو پھر یہ لوگ جان ہاپکنز سے اُس کا علاج کروائیں گے کسی قاری باسط مصری سے دَم نہیں کروائیں گے۔

یاسر پیرزادہ کہتے ہیں کہ اب کچھ بات میڈیکل سائنس کی ہو جائے۔ موصوف کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ سورہ رحمٰن کی مدد سے آٹزم Autism سے نجات پانے والوں کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر پڑی ہیں جو کہ ناقابل تردید حقائق ہیں۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ انٹرنیٹ پر تو ہر مذہب کے پیروکاروں کی ایسی کروڑوں ویڈیوز پڑی ہیں، ہندوؤں سے لے کر مسیحیوں تک اور بدھ پرستوں سے لے کر یہودیوں تک، ہر کوئی اپنی آیت، اشلوک، منتر، پوجا، یوگا اور پرارتھنا سے بیماریوں کا علاج ’منی بیک گارنٹی‘ کے ساتھ بتا رہا ہے اور اِس کا ’ثبوت‘ بھی پیش کر رہا ہے تو اب کس دعوے پر یقین کریں اور کس کو رد؟ ہارڈ ڈیٹا اسے نہیں کہتے، یہ تمام محض دعوے ہیں، اگر آج کوئی ہندو گیتا کی مدد سے، کوئی یہودی تورات پڑھ کر یا کوئی مسیحی انجیل مقدس کی تلاوت کرکے کسی شخص کی بیماری دور کرنے کا دعویٰ کرے چاہے وہ معمولی سر درد ہی کیوں نہ ہو تو میڈیکل سائنس میں بھونچال آ جائے گا، آٹزم تو بہت پیچیدہ مرض ہے، اگر اِس کا علاج یوں ممکن ہو جائے تو ایسے معالج کو طِب میں نوبل انعام دیا جائے گا۔

 یاسر پیرزادہ کہتے ہیں کہ عامر خان کی مشہور زمانہ بھارتی فلم فلم ’پی کے‘ کے جعلی سوامی کی طرح یہ لوگ بھی رانگ نمبر ہیں جو دین فروشی کا مکروہ دھندہ کرتے ہیں۔ اصل میں یہ دنیا کے سب سے قدیم دھندے میں سے ایک ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ اِن کا شعبہ مختلف ہے۔

Back to top button