امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر متفق

امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر متفق ہق گئے۔ اس حوالے سے واشنگٹن میں ہونے والے چوتھے سہ فریقی مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ امریکا نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان جاری کشیدگی اور عسکری تصادم کا خاتمہ ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد لبنان اور اسرائیل نے جنگ بندی کی شرائط پر اتفاق کیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی اس شرط کے ساتھ نافذ العمل ہوگی کہ حزب اللہ اسرائیل کے خلاف تمام عسکری کارروائیاں مکمل طور پر بند کرے گی اور جنوبی لیطانی سیکٹر سے اپنے تمام جنگجوؤں کا انخلا یقینی بنائے گی۔
فریقین نے ایسے خصوصی پائلٹ زونز کے قیام پر بھی اتفاق کیا ہے جہاں مکمل سکیورٹی کنٹرول لبنانی مسلح افواج کے پاس ہوگا اور کسی بھی غیر ریاستی مسلح گروہ کو وہاں موجود رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔بیان کے مطابق اس سکیورٹی فریم ورک کا بنیادی مقصد لبنان اور اسرائیل کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے غیر ریاستی مسلح گروہوں کی سرگرمیوں کی روک تھام اور ان کی دوبارہ تنظیم کو بھی محدود کیا جائے گا۔
امریکا نے اس موقع پر لبنانی مسلح افواج کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی فوج کی صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ وہ ریاستی رٹ کو مؤثر انداز میں نافذ کر سکے۔اعلامیے کے مطابق لبنان اور اسرائیل نے ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ اقدامات سے گریز کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔ دونوں فریق 22 جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں سیاسی اور سکیورٹی مذاکرات کا نیا دور شروع کریں گے تاکہ ایک جامع اور مستقل معاہدے تک پہنچا جا سکے۔امریکا اس پورے عمل میں رابطہ کاری اور ثالثی کا کردار جاری رکھے گا تاکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔
