حکومت اور پیپلز پارٹی میں بڑا بریک تھرو، بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق

حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں فریقوں نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی، جس میں بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران موجودہ مالی اخراجات، ترقیاتی بجٹ اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری اور مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ مالیاتی استحکام، عوامی فلاح اور جامع اقتصادی ترقی کے اہداف پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے مالی سال 2026-27 کے لیے معاشی حکمت عملی، ترقیاتی منصوبوں اور قومی ترجیحات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاقی بجٹ 10 جون 2026 کو پیش کرنے کی سفارش وزیراعظم کو کی جائے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں، آبی وسائل اور صوبائی ضروریات سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور بجٹ سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا۔ شرکاء نے عوامی فلاح، معاشی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ بجٹ کی بنیادی ترجیحات قرار دیا۔

Back to top button